پنجاب میں سکول کھولنے سے قبل صفائی، سکیورٹی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت

محکمہ سکول ایجوکیشن کی سکولوں کی چھتوں، واٹر ٹینکس اور نکاسی آب کے نظام کی صفائی مکمل کرنے کی بھی ہدایت

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 11 اگست 2026 15:02

پنجاب میں سکول کھولنے سے قبل صفائی، سکیورٹی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔11 اگست ۔2026 ) محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے موسم گرما کی چھٹیوں کے بعد سرکاری و نجی سکولوں کی دوبارہ اوپننگ سے قبل صفائی، سکیورٹی اور دیگر ضروری انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں محکمہ تعلیم کی جانب سے تمام سرکاری و نجی سکولوں میں صفائی کے خصوصی انتظامات یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے، سکولوں کی چھتوں، واٹر ٹینکس اور نکاسی آب کے نظام کی صفائی مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے.

(جاری ہے)

مون سون کے پیش نظر سکولوں میں جمع پانی اور ڈینگی کی ممکنہ افزائش گاہیں فوری طور پر ختم کرنے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ زیر تعمیر یا مرمتی کام والی جگہوں پر بیریئرز لگا کر طلبہ کی رسائی روکنے کی ہدایت کی گئی ہے محکمہ تعلیم نے سکول کھولنے سے قبل پنکھوں، لائٹس، سوئچز، ساکٹس اور وائرنگ کی مکمل جانچ کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے، تمام سکولوں میں صاف پینے کے پانی اور واش رومز کی دستیابی یقینی بنانے کا بھی حکم دیا گیا ہے.

اے پلس اور اے کیٹیگری سکولوں میں سکیورٹی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے سکول کھولنے سے قبل سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر سکیورٹی آلات کو فعال کرنے کا حکم دیا گیا ہے محکمہ سکول ایجوکیشن کی ہیلپ لائن 1321 کو سکولوں کے نمایاں مقامات پر آویزاں کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے نئے تعلیمی سال کے آغاز سے قبل تمام سکولوں میں لیسن پلانز اور سکیم آف سٹڈیز مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے سربراہان ادارہ جات کو سکول کھولنے سے قبل حتمی معائنہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے.

محکمہ تعلیم نے تمام سکولوں کی سو فیصد فزیکل انسپکشن مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں ڈی ای اوز، ڈپٹی ڈی ای اوز، اے ای اوز اور ایم ای ایز کو سکولوں کے معائنے کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے سکولوں میں کسی بھی کمی کی نشاندہی کی صورت میں فوری اصلاحی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ تمام سی ای اوز کو جاری ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے محکمہ تعلیم کے مطابق سکول کھولنے سے قبل انتظامات میں کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، سکولوں کی دوبارہ اوپننگ سے متعلق تمام ہدایات پر عملدرآمد کو ٹاپ ترجیح قرار دیا گیا ہے.