ْزرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں یومِ آزادی روایتی جوش و خروش اور ملی جذبے کے ساتھ منایا گیا

چیئرپرسن پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں اور وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے مشترکہ طور پر قومی پرچم لہرایا

جمعہ 14 اگست 2026 13:15

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2026ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں یومِ آزادی روایتی جوش و خروش اور ملی جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ دن کا آغاز مرکزی مسجد میں ملکی ترقی، استحکام، سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاں سے ہوا جبکہ بعد ازاں اقبال آڈیٹوریم میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ چیئرپرسن پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں اور وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے مشترکہ طور پر قومی پرچم لہرایا۔

اس موقع پر قومی ترانوں، ملی نغموں اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں اور پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ یومِ آزادی محض جشن منانے کا دن نہیں بلکہ برصغیر کے مسلمانوں کی عظیم قربانیوں کو یاد کرنے، قیامِ پاکستان کے مقاصد کو تازہ کرنے اور ملکی ترقی کے لیے نئے عزم کا اعادہ کرنے کا دن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی بے مثال قیادت اور علامہ محمد اقبال کی فکری رہنمائی میں برصغیر کے مسلمانوں نے ایک آزاد وطن کے حصول کے لیے لازوال قربانیاں دیں۔ پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے پاکستان کے عوام اور مسلح افواج کی قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کی آزادی، خودمختاری اور سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا قوم کے محسن ہیں۔

قوم اپنے شہدا اور غازیوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آزادی ہمیں اتحاد، نظم و ضبط، محنت، دیانت اور قومی ذمہ داری کا تقاضا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بنیادی طور پر زرعی معیشت کا حامل ملک ہے اور اس کا مستقبل مضبوط، جدید اور پیداواری زرعی شعبے سے براہِ راست وابستہ ہے۔ جامعات ملک کی معاشی تقدیر بدلنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہیں کیونکہ یہی ادارے تحقیق، جدید ٹیکنالوجی، اختراع اور انسانی وسائل کی تیاری کے مراکز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد ملکی زرعی ترقی، غذائی تحفظ اور جدید زرعی تحقیق کے فروغ میں اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کر رہی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی عالمی شناخت اس کے معیاری تدریسی پروگراموں، سائنسی تحقیق اور فوڈ و ایگریکلچرل سائنسز میں نمایاں خدمات کا اعتراف ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ پاکستان کی آزادی لاکھوں مسلمانوں کی لازوال قربانیوں کا ثمر ہے۔

ہمیں علم، کردار، اتحاد، ذمہ داری اور قومی خدمت کے ذریعے اس کے روشن مستقبل کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے قائداعظم اور علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک ترقی یافتہ، خوشحال، خودمختار اور مضبوط پاکستان کا خواب نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعات پر ملک کی تعمیر و ترقی کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کیونکہ یہاں سے سائنس دان، محققین، ماہرین اور مستقبل کے قائدین تیار ہوتے ہیں۔

انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ علم کے حصول کو اپنا شعار بنائیں، تحقیق اور جدت کو فروغ دیں اور اپنی صلاحیتوں کو پاکستان کے معاشی و سماجی مسائل کے حل کے لیے بروئے کار لائیں۔ وائس چانسلر نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی زرعی تحقیق اور تعلیم کے مرکزِ امتیاز کے طور پر غذائی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی، پانی کی قلت اور پائیدار زرعی پیداوار جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنا کردار مزید مثر بنائے گی۔

جدید زرعی ٹیکنالوجی کا فروغ، تحقیق کو عملی میدان تک پہنچانا اور نوجوانوں کو مستقبل کی ضروریات کے مطابق تیار کرنا جامعہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ تقریب میں سینئر ٹیوٹر آفس اور لیبارٹری ہائر سیکنڈری سکول کے طلبہ و طالبات نے رنگا رنگ پروگرام پیش کیے اور قومی نغموں سمیت مختلف ٹیبلو اور ملی پروگراموں کے ذریعے وطن سے محبت اور قومی یکجہتی کا اظہار کیا۔ ان شاندار پیشکشوں پر شرکا نے بھرپور داد دی۔ اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے لیبارٹری سکول کی بورڈ میں سائنس گروپ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ہونہار طالبہ زمرفاطمہ کو لیپ ٹاپ دیا جبکہ انہوں نے ڈاکٹر اقرار احمد خاں کے ہمراہ پودا لگایا۔