لاہور ہائیکورٹ میں 79ویں یومِ آزادی کے سلسلہ میں پرچم کشائی تقریب کا اہتمام

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم نے عدالت عالیہ لاہور کی تاریخی عمارت پر پرچم لہرایا نظامِ انصاف کو زیادہ قا بل رسائی،موثر اور جوابدہ بنانا ہمارا نصب العین ہے‘چیف جسٹس مس عالیہ نیلم کا عزم

جمعہ 14 اگست 2026 16:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2026ء) لاہور ہائیکورٹ میں 79ویں یومِ آزادی کے سلسلہ میں پرچم کشائی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم نے عدالت عالیہ لاہور کی تاریخی عمارت پر پرچم لہرایا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ، جسٹس سید شہباز علی رضوی، جسٹس چودھری محمد اقبال اور جسٹس طارق سلیم شیخ سمیت دیگر فاضل ججز صاحبان بھی چیف جسٹس کے ہمراہ تھے۔

جبکہ پرچم کشائی تقریب میں لاہور ہائیکورٹ کے افسران و سٹاف اور انکی فیملیز نے بھی شرکت کی۔ پرچم کشائی تقریب سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم نے کہا کہ ہمارے لئے باعثِ مسرت ہے کہ ہم آج اپنا 79 واں یومِ آزادی منا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ہمیں یہ آزادی قائداعظم محمد علی جناح اور ہمارے بزرگوں کی شب و روز کوششوں سے میسر آئی۔

ہمیں آج کے دن عہد کرنا ہے کہ ہمیں قائد کے ویژن کے مطابق کام کرنا ہے اور اس ملک و قوم کو پہلے سے زیادہ سربلند اور پروقار بنانا ہے۔ فاضل چیف جسٹس نے مزید کہا کہ پنجاب کی عدلیہ قائدِ اعظم کے ویژن کے مطابق بہترین انداز میں انصاف کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے۔ آ ج کا دن ہمیں ان امیدیوں اور امنگوں کی یاددہائی بھی کراتا ہے جن کے لئے پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔

ان خواہشات کے احترام کرنے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ انصاف کو زیادہ قابلِ رسائی، زیادہ موثر اور عوام کے لئے زیادہ جوابدہ بنایا جائے۔ اسی مقصد کے تحت ہماری مسلسل کوشش ہے کہ انصاف کی فراہمی کے عمل کو مزید موثر اور تیز بنایا جائے۔ فاضل چیف جسٹس نے بتایا کہ کیس مینجمنٹ کے تحت مختلف مقدمات کی درجہ بندی کی گئی۔ جس کے مثبت نتائج ناصرف ڈسٹرکٹ جوڈیشری بلکہ لاہورہائی کورٹ کی سطح پر بھی سامنے آئے۔

2025ء میں لاہور ہائیکورٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ 1لاکھ 73ہزار سے زائد مقدمات کے فیصلے کئے گئے، اسی طرح پنجاب کی ضلعی عدلیہ میں بھی گزشتہ دو سالوں میں 80لاکھ سے زائد مقدمات کے فیصلے کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ بیشک اتنی بڑی تعداد میں زیرالتوا مقدمات کو نمٹانا ہمارے لئے بہت بڑا چیلنج تھا لیکن ہمارے ججز اور سٹاف نے دن رات محنت کی اور جلدو معیاری انصاف کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کیا۔

چیف جسٹس مس عالیہ نیلم نے مزید بتایا کہ صوبہ بھر میں قائم ماڈل کورٹس بھی بہترین انداز میں کام کررہی ہیں جن کے موثر کردار کے نتیجے میں پنجاب کے 40فیصد اضلاع میں 2023ء سے قبل کے سول و فوجداری مقدمات سیشن لیول پر ختم ہو چکے ہیں اور یہ امر بھی باعث اطمینان ہے کہ آنے والے کچھ عرصہ تک باقی اضلاع میں بھی 2023ء تک کے تمام زیر التوا مقدمات کا فیصلہ کردیا جائے گا۔

کیس مینجمنٹ سسٹم اور دیگر آئی ٹی سسٹمز کی بدولت وکلا و سائلین کے لئے باسہولت انصاف کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے۔چیف جسٹس مس عالیہ نیلم نے کہا کہ آج یوم آزادی کے موقع پر قائد اعظم محمد علی جناح کے تین رہنما اصولوں ایمان، اتحاد اور تنظیم کا نہ صرف تجدید عہد کرنا ہے، بلکہ ان پر عمل کرنے سے ہی انصاف کا حصول ممکن ہوگا۔ فاضل چیف جسٹس نے اس عہد کا بھی اظہار کیا کہ ہم آئین پاکستان کے مطابق اپنی ذمہ داریاں دیانتداری سے پوری کرتے رہیں گے اور اس کے لئے اپنی تمام تر صلا حیتوں اور توانائیوں کو بروئے کار لائیں گے اور اس ملک و قوم کی سربلندی میں اپنا بہترین کردار ادا کرتے رہیں گے۔

پاکستان ترقی کی منازل طے کرتا ہوا تاقیامت قائم و دائم رہے گا، ان شا اللہ۔ پرچم کشائی تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی و ترقی کے لئے دعا بھی کی گئی۔ رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ راجہ قمر الزمان نے تقریب کی نظامت کے فرائض سرانجام دیئے۔