غزہ میں کیفے پر اسرائیلی ڈرون حملے میں 6 فلسطینی شہید، متعدد زخمی

بدھ 19 اگست 2026 14:53

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2026ء) غزہ کی بندرگاہ کے اندر ایک کیفے پر اسرائیلی ڈرون حملے کے نتیجے میں 6 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق امدادی ٹیموں نے اسرائیلی ڈرون حملے کی جگہ سے 6 شہدا کی لاشیں اور متعدد زخمیوں کو نکال کر الشفا ہسپتال منتقل کر دیا ۔ یہ ڈرون حملہ ایسے وقت میں ہوا جب اسرائیل جنگ بندی کے معاہدے کے باوجود غزہ میں رہائشی علاقوں اور پناہ گزینوں کے مراکز کو نشانہ بنا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ادھر فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران قابض اسرائیل کی جارحیت کے نتیجے میں مارے جانے والے ایک فلسطینی کی لاش اور دو زخمی ہسپتالوں میں لائے گئے ہیں۔وزارت صحت نے اپنی یومیہ رپورٹ میں بتایا کہ 11اکتوبر 2026ء کو جنگ بندی کے بعد سے اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں مارے جانے والے فلسطینیو کی کل تعداد 1266 اور زخمی 4200 تک پہنچ گئے ہیں، اس کے علاوہ 813 افراد کی لاشیں ملبے سے نکالی گئی ہیں۔فلسطینی حکام کے مطابق اب بھی کئی لاشیں ملبے تلے اور سڑکوں پر موجود ہیں کیونکہ ایمبولینس اور شہری دفاع کی ٹیمیں تاحال ان تک نہیں پہنچ سکیں۔