فیصل آباد ، مخالفین نے فائرنگ کرکے 9 سالہ بچی سمیت 3 خواتین کو قتل کردیا

جمعرات 20 اگست 2026 11:19

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2026ء) فیصل آباد میں مخالفین نے فائرنگ کرکے 9 سالہ بچی سمیت 3 خواتین کو قتل اور 3 سالہ بچی کو زخمی کردیا،آئی جی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیکر آر پی او سے رپورٹ طلب کرلی، سی پی او فیصل آباد نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیم تشکیل دیدی، پولیس نے مقتول خواتین کی نعشیں تحویل میں لے کر کارروائی شروع کردی۔

ترجمان فیصل آباد پولیس طارق جٹ نے بتایا کہ تھانہ ائر پورٹ کے علاقے سمن آباد چک 250 رب سٹاپ نزد ریلوے سٹیشن میں خانہ بدوشوں کی جھگیوں میں مخبری کرنے کی رنجش پر مخالفین راشد تیجہ ، ارشد ، نعیم پسران نزیر اور عاشق قوم اوڈھ نے دیگر نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ کرکے 3 خواتین 55 سالہ زبیدہ، 30 سالہ عاصمہ اور 9 سالہ مسکان کو قتل جبکہ 3 سالہ زبیدہ کو زخمی کردیا۔

(جاری ہے)

واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ پولیس نے خواتین کے نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیں۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے قانونی کارروائی شروع کردی۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے تہرے قتل کی واردات کا نوٹس لیکر آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کرلی ۔آئی جی پنجاب نے سی پی او فیصل آباد کو فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کئے ہیں۔ سی پی او فیصل آباد تنویر حسین نے آئی پنجاب کے احکامات کے تحت ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایس پی اقبال ڈویژن سعید احمد کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ ٹیم نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔