پاکستانی نوجوان کوہ پیما اسما مشتاق اسپانٹک سر کرنے کے بعد جاں بحق

جمعہ 21 اگست 2026 12:55

پاکستانی نوجوان کوہ پیما اسما مشتاق اسپانٹک سر کرنے کے بعد جاں بحق
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2026ء) پاکستانی نوجوان ٹریول ویلاگر اور کوہ پیما اسما مشتاق اسپانٹک کی مہم جوئی کے دوران جاں بحق ہو گئیں۔7 فروری 1992 کو پیدا ہونے والی اسما مشتاق کو مہم جوئی، پہاڑوں اور قدرتی مناظر سے گہری محبت کے باعث کوہ پیمائی کی کمیونٹی میں پہچانا جاتا تھا۔اسما مشتاق حال ہی میں پاکستان کے قراقرم کے سلسلے میں واقع 7 ہزار 27 میٹر بلند اسپانٹک چوٹی سر کرنے کے لیے مہم کا حصہ بنیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسما نے اپنے گائیڈ علی اکبر کے ہمراہ کامیابی سے اسپانٹک کی چوٹی سر کی اور اس وقت ان کی صحت بہتر تھی تاہم چوٹی سے واپسی کے دوران انہیں مبینہ طور پر بلند مقام کی بیماری (ہائی آلٹی ٹیوڈ سکنس)کا سامنا کرنا پڑا، گائیڈ نے انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔

(جاری ہے)

اسما مشتاق کی میت کی واپسی کے انتظامات کے لیے قراقرم کالنگ ٹریکس متعلقہ حکام سے رابطے اور ان کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔

اسما مشتاق کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی ہے۔ صارفین نے ان کی پہاڑوں، ساحلوں اور قدرتی مناظر سے محبت کو یاد کرتے ہوئے مرحومہ کے لیے مغفرت اور بلندی درجات کی دعائیں بھی کی ہیں۔