آسٹریلیا، گاڑی شاپنگ سینٹر میں کیفے میں جا گھسی، خاتون ہلاک، 2 افراد زخمی

پیر 24 اگست 2026 12:27

کینبرا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اگست2026ء) آسٹریلیا کے شہر میلبورن کے مشرقی علاقے میں گاڑی شاپنگ سینٹر کے کیفے میں جا گھسی، جس کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک اور2 افراد زخمی ہوگئے۔ شنہوا کے مطابق پولیس نے بتایا ہے کہ ایمرجنسی سروسز کو پیر کو دوپہر تقریباً 12:45 بجے وینٹیرنا ساؤتھ کے ایک شاپنگ سینٹر میں حادثے کی اطلاع ملی۔ یہ علاقہ وسطی میلبورن سے تقریباً 25 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے۔

(جاری ہے)

حادثے کے نتیجے میں کیفے کے باہر بیٹھی ایک خاتون گاہک موقع پر ہی ہلاک ہوگئی جبکہ گاڑی کا ڈرائیور اور ایک مسافر زخمی ہو گیا جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہےجبکہ کیفے کے ایک دوسرے گاہک کا موقع پر ایمبولینس کے عملے نے معائنہ کیا۔ میجر کولیژن انویسٹی گیشن یونٹ کے تفتیش کار واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق واقعہ دانستہ طور پر پیش آنے کا کوئی شبہ نہیں ہے۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جس شخص نے حادثہ دیکھا ہو یا جس کے پاس واقعے کی وڈیو موجود ہو، وہ تفتیش کاروں سے رابطہ کرے۔