پنجاب بھر میں کھلی فضاء میں ڈرون اڑانے پر پابندی میں مزید توسیع

ہالز اور مارکیز کے اندر تقریبات کے دوران چھوٹے ڈرونز کے محدود استعمال کی اجازت

پیر 24 اگست 2026 13:27

پنجاب بھر میں کھلی فضاء میں ڈرون اڑانے پر پابندی میں مزید توسیع
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اگست2026ء) حکومت پنجاب نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر صوبہ بھر میں کھلی فضاء میں ڈرون اڑانے پر عائد پابندی میں مزید 30روز کی توسیع کردی۔محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پابندی ضابطہ فوجداری 1898کے سیکشن 144(6)کے تحت عائد کی گئی ہے، جس کے تحت آئوٹ ڈور ڈرونز کے استعمال پر پابندی برقرار رہے گی، ہالز اور مارکیز کے اندر تقریبات کے دوران چھوٹے ڈرونز کے محدود استعمال کی اجازت ہوگی تاہم ان کے محفوظ استعمال کی ذمہ داری تقریب کے منتظمین پر عائد ہوگی۔

(جاری ہے)

انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے، اس کے علاوہ زرعی، آبپاشی اور تحقیقی مقاصد کے لیے ڈرون استعمال کرنے کی صورت میں ضلعی سطح پر قائم سیف ڈرون یوزیج کمیٹی سے تحریری اجازت حاصل کرنا ہوگی۔محکمہ داخلہ کے مطابق کمیٹی کی تحریری اجازت کے بعد متعلقہ مقاصد کے لیے ڈرون کا استعمال پابندی سے مستثنیٰ تصور ہوگا۔ترجمان محکمہ داخلہ نے کہا کہ عوامی تحفظ، امن و امان کا قیام اور املاک کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات ہیں، صوبہ بھر کی انتظامیہ اور پولیس کو احکامات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔