چیٹ جی پی ٹی میں صارفین کے لیے نیا سیکیورٹی فیچر متعارف کرانے کی تیاری

حساس چیٹس کو پن کوڈ یا فنگر پرنٹ سے لاک کرنے کی سہولت ملنے کا امکان، فیچر کی حتمی تاریخ ابھی سامنے نہیں آئی

پیر 24 اگست 2026 15:41

چیٹ جی پی ٹی میں صارفین کے لیے نیا سیکیورٹی فیچر متعارف کرانے کی تیاری
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اگست2026ء) چیٹ جی پی ٹی میں صارفین کی پرائیویسی اور حساس معلومات کے تحفظ کے لیے ایک نئے فیچر کی تیاری کا انکشاف ہوا ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنی اہم چیٹس کو پن کوڈ یا فنگر پرنٹ اسکین کے ذریعے لاک کرسکیں گے۔ایک رپورٹ کے مطابق چیٹ جی پی ٹی کی اینڈرائیڈ ایپ میں لاک چیٹس اور پروٹیکٹ چیٹس سے متعلق حوالہ جات سامنے آئے ہیں، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ صارفین کو مستقبل میں مخصوص چیٹس کو اضافی سیکیورٹی فراہم کرنے کی سہولت دی جاسکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق کسی چیٹ کو لاک کرنے کے بعد اس کا عنوان اور مواد ایپ کی سائڈ بار، چیٹ ہسٹری اور سرچ نتائج میں بھی ظاہر نہیں ہوگا۔ اس طرح حساس نوعیت کی گفتگو کو دوسرے افراد کی رسائی سے محفوظ رکھنے میں مدد مل سکے گی، خصوصاً ایسی صورت میں جب ایک ہی ڈیوائس کو متعدد افراد استعمال کرتے ہوں۔

(جاری ہے)

چیٹ جی پی ٹی میں پہلے ہی عارضی چیٹ کی سہولت موجود ہے، جس میں گفتگو چیٹ بند ہونے کے بعد اکاؤنٹ کی عام چیٹ ہسٹری میں ظاہر نہیں ہوتی۔

تاہم مجوزہ لاک چیٹس فیچر کا مقصد حساس گفتگو کو مکمل طور پر عارضی رکھنے کے بجائے اسے محفوظ انداز میں برقرار رکھنے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ابھی اس فیچر کے حوالے سے تفصیلات محدود ہیں اور یہ بھی واضح نہیں کہ لاک کی گئی چیٹس کے ساتھ چیٹ جی پی ٹی کی میموری اور سابقہ گفتگو سے متعلق سہولیات کس طرح کام کریں گی۔فی الحال یہ بھی معلوم نہیں ہوسکا کہ مذکورہ فیچر تمام صارفین کے لیے کب باضابطہ طور پر جاری کیا جائے گا۔ تاہم اگر اسے متعارف کرایا جاتا ہے تو حساس معلومات پر مشتمل گفتگو کرنے والے صارفین کے لیے یہ ایک اہم اضافی پرائیویسی سہولت ثابت ہوسکتی ہے۔