حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے وفد کی چیف سیکرٹری آزاد کشمیر سے ملاقات

پیر 24 اگست 2026 21:41

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اگست2026ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے ایک وفد نے مظفر آباد میں چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر سے ملاقات کی۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ملاقات میں بابائے حریت، قائد تحریک آزادی کشمیر، سید علی گیلانی کی برسی کے موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ اور کشمیر لبریشن سیل کے زیراہتمام منعقد ہونے والی کانفرنس کو کامیاب بنانے کے لیے باہمی تعاون، انتظامی اور دیگر متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

حریت وفد کی قیادت حریت رہنما شمیم شال نے کی جبکہ وفد میں کشمیری حریت رہنما شیخ محمد یعقوب اور مشتاق السلام بھی شامل تھے۔اس موقع پر سید علی گیلانی کی طویل جدوجہد، ثابت قدمی، اصولی موقف اور تحریکِ آزادیِ کشمیر کے لیے ان کی بے مثال خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیاگیا اور اس امر پر بھی زور دیاگیا کہ سید علی گیلانی کی برسی کے موقع پر منعقد ہونے والی کانفرنس کو ایک باوقار قومی و بین الاقوامی سطح کی تقریب کے طور پر اجاگر کیا جائے تاکہ مسئلہ کشمیر کی تاریخی، سیاسی اور انسانی اہمیت کو موثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

حریت وفد نے کانفرنس کے انتظامات کے لیے آزاد جموں و کشمیر حکومت کے تعاون کو اہم قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ تمام متعلقہ ادارے اور حلقے باہمی رابطے اور تعاون کے ذریعے اس اہم پروگرام کو بھرپور انداز میں کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ بابائے حریت سید علی گیلانی کی جدوجہد، قربانیوں اور اصولی موقف کو نئی نسل تک منتقل کرنے اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر موثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے ایسی سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رکھا جائے گا۔