ماڈرن ویٹرنری سہولیات کی فراہمی و مقامی نسلوں کا تحفظ ترجیح ہے،احمد عزیز تارڑ

جمعرات 27 اگست 2026 18:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اگست2026ء) سیکرٹری لائیوسٹاک احمد عزیز تارڑ نے کہا ہے کہ جدید تقاصوں کے پیش نظر ماڈرن ویٹرنری سہولیات کی فراہمی، جدید تولیدی و تشخیصی ٹیکنالوجی کا فروغ اور مقامی نسلوں کا تحفظ ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے ان خیالات کااظہار ضلع جھنگ کے مختلف اداروں کا دورہ کرتے ہوئے محکمہ لائیوسٹاک کی جانب سے جاری ترقیاتی، تحقیقی اور فیلڈ سرویلنس کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر عثمان طاہر اورڈائریکٹر جنرل پروڈکشن ڈاکٹر کنور محمد نعیم بھی ان کے ہمراہ تھے۔ترجمان کے مطابق دورہ کے دوران سیکرٹری لائیوسٹاک نے ریسرچ سینٹر فار دی کنزرویشن آف انڈیجینس بریڈز (آر سی سی آئی بی)جھنگ کا دورہ کیا جہاں ڈائریکٹر ڈاکٹر عاصم توصیف نے ان کا استقبال کیا اور ادارے کی کارکردگی، جاری ترقیاتی منصوبوں اور تحقیقی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

سیکرٹری لائیوسٹاک نے آر سی سی آئی بی جھنگ میں نئی قائم ہونے والی ان وٹرو فرٹیلائزیشن (آئی وی ایف )لیبارٹری کا دورہ کیااور وہاں دستیاب سہولیات وجدید آلات اور تکنیکی صلاحیتوں کا جائزہ لیا۔ سیکرٹری لائیوسٹاک نے ہدایت کی کہ جدید تولیدی ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے مقامی مویشیوں کی نسلوں کے تحفظ اور بہتری کے اقدامات کو مزید موثر بنایا جائے۔

سیکرٹری لائیوسٹاک نے ڈائگناسٹک کی رینوویشن واپ گریڈیشن کے کام کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام سے ترقیاتی کاموں کے بارے تفصیلی بریفنگ لی،ایکسیئن کمیونی کیشن اینڈ ورکس سے ملاقات کی اور ہدایت کی کہ لیبارٹری میں جاری تعمیراتی و اپ گریڈیشن کا کام 15روز کے اندر مکمل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ جدید تشخیصی سہولیات کی بروقت تکمیل سے مویشی پال حضرات کو بیماریوں کی بروقت تشخیص اور بہتر ویٹرنری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی۔

سیکرٹری لائیوسٹاک نے سول ویٹرنری ہسپتال جھنگ کا معائنہ کیا اور کہا کہ محکمہ لائیوسٹاک فارمرز کو جدید تشخیصی سہولیات، معیاری علاج معالجہ و بہتر ویٹرنری سروسز کی بروقت فراہمی کے لیے مسلسل اقدامات کر رہا ہے۔انہوں نے وہاں موجود مویشی پال حضرات سے ملاقات بھی کی، ان کے مسائل سنے اور دستیاب سہولیات کے بارے میں براہ راست فیڈ بیک حاصل کیا۔

بعد ازاں سیکرٹری لائیوسٹاک نے ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک جھنگ کے دفتر کا دورہ کیاجہاں انہیں محکمہ جاتی کارکردگی اور لائیوسٹاک فارمرز کو فراہم کی جانے والی پیشہ وارانہ خدمات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ محکمہ کی خدمات کو مزید موثر بناتے ہوئے مویشی پال حضرات کو پیشہ وارانہ سہولیات سے بھرپور استفادہ کا موقع فراہم کیا جائے،مویشی پال حضرات کو معیاری ویٹرنری سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

سیکرٹری لائیوسٹاک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب میں مقامی مویشی نسلوں کی تحفظ، جدید تولیدی و تشخیصی ٹیکنالوجی کے فروغ اور مویشی حضرات کو بروقت، معیاری و جدید ویٹرنری سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا۔دورہ کے دوران سیکرٹری لائیوسٹاک نے ڈائریکٹر آر سی سی آئی بی کے دفتر میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح بھی کیا۔