نوشہرو فیروز: کمشنر غلام قادر ٹالپور کا پہلا دورہ، افسران کو عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت

ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت میں مکمل، اسکولوں اور اسپتالوں میں عملے کی حاضری یقینی بنائی جائے، منشیات کے خاتمے اور بجلی چوری کی روک تھام کے لیے اقدامات تیز کرنے پر زور

جمعرات 27 اگست 2026 20:00

نوشہرو فیروز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اگست2026ء) کمشنر شہید بینظیر آباد ڈویڑن غلام قادر خان ٹالپور نے ضلع نوشہرو فیروز کا پہلا باضابطہ دورہ کیا اور ڈپٹی کمشنر آفس میں ضلع کے تمام ضلعی و انتظامی محکموں کے افسران کے اعلیٰ سطحی تعارفی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر سید عمار حسین، ڈپٹی کمشنر نوشہرو فیروز محمد ارسلان سلیم، تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور مختلف اہم محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔

کمشنر غلام قادر خان ٹالپور نے افسران کو ہدایت کی کہ سرکاری دفاتر میں وقت کی پابندی، شفافیت اور عوام دوست رویے کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی سستی، غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ضلع میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کو معیار کے مطابق مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی اسکیموں کا براہ راست فائدہ عوام تک پہنچنا چاہیے۔

کمشنر نے اسکولوں اور اسپتالوں کی حالت بہتر بنانے، اساتذہ اور طبی عملے کی حاضری یقینی بنانے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل کرنے پر زور دیا۔ڈپٹی کمشنر محمد ارسلان سلیم نے کمشنر کو ضلع کی مجموعی انتظامی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں، امن و امان اور دیگر درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔کمشنر نے محکمہ لائیو اسٹاک اور زراعت کی کارکردگی بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں شعبے ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، اس لیے ان شعبوں کی ترقی اور بہتری کے لیے مزید مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ مختلف تعلیمی اداروں کے باقاعدگی سے دورے کریں اور وہاں اساتذہ و طلبہ کی حاضری، تدریسی عمل اور دیگر بنیادی سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔غلام قادر خان ٹالپور نے نوجوانوں میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان کی روک تھام کے لیے بھی اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ذریعے منشیات کے استعمال اور فروخت کی روک تھام کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کریں۔

محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ ضلع کے تمام مراکز صحت میں ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل عملے اور ضروری ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔انہوں نے سیپکو حکام کو ہدایت کی کہ شہروں، اسپتالوں اور تعلیمی اداروں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں، جبکہ بجلی چوری کی روک تھام کے لیے بھی ٹھوس کارروائیاں کی جائیں۔

اجلاس کے دوران ضلع کے تمام سرکاری محکموں کے افسران نے اپنے اپنے محکموں کا تعارف اور کارکردگی رپورٹس بھی پیش کیں۔ اجلاس کے اختتام پر کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام سرکاری ادارے باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے تحت کام کرتے ہوئے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھیں گے۔دریں اثنا کمشنر شہید بینظیر آباد ڈویڑن غلام قادر خان ٹالپور نے اجلاس سے قبل سول اسپتال نوشہرو فیروز کا اچانک دورہ کیا۔

انہوں نے اسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں ان سے معلومات حاصل کیں۔اس موقع پر اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالحمید انصاری نے کمشنر کو اسپتال کو درپیش مسائل، عملے کی کمی اور دیگر ضروری سہولیات کے حوالے سے آگاہ کیا۔کمشنر نے ہدایت کی کہ اسپتال کے تمام مسائل کی تحریری رپورٹ ڈپٹی کمشنر اور کمشنر کو فراہم کی جائے تاکہ متعلقہ اعلیٰ حکام سے رابطہ کرکے مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جاسکیں۔