کراچی: دو موٹرسائیکلوں میں تصادم، ایک شخص جاں بحق، بچے سمیت 2 زخمی

نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں حادثہ، جاں بحق شخص کی شناخت 28 سالہ شاہین احمد کے نام سے ہوئی

جمعہ 28 اگست 2026 14:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2026ء) نیو کراچی انڈسٹریل ایریا کے علاقے میں دو موٹرسائیکلوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ بچے سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق حادثہ جمعہ کی علی الصبح سیکٹر 7 میں چوبیس گھنٹہ ہوٹل کے قریب پیش آیا، جہاں دو موٹرسائیکلیں آپس میں ٹکرا گئیں۔ حادثے کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے، جنہیں چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

(جاری ہے)

اسپتال میں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی، تاہم ایک زخمی کی حالت تشویش ناک ہونے پر اسے مزید علاج کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔ترجمان چھیپا کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 28 سالہ شاہین احمد ولد عبدالرحیم کے نام سے ہوئی، جبکہ زخمیوں کی شناخت 27 سالہ علی حسن ولد غلام محمد اور 7 سالہ احمد ولد رجب علی کے نام سے کی گئی۔ترجمان کے مطابق جاں بحق ہونے والا شاہین احمد نیو کراچی نمبر 5 کے قریب کا رہائشی تھا۔ حادثے کے حوالے سے مزید قانونی کارروائی اور وجوہات کا تعین متعلقہ حکام کی جانب سے کیا جا رہا ہے۔