Live Updates

آبنائے ہرمز میں 3 جہازوں کو نشانہ بنایا، ایران کا دعویٰ

ہمارے جہازوں پر فائرنگ کی تو ایران کے آئل ٹینکرز تباہ کر دیں گے، امریکی وزیر جنگ کی دھمکی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 6 ستمبر 2026 10:35

آبنائے ہرمز میں 3 جہازوں کو نشانہ بنایا، ایران کا دعویٰ
واشنگٹن، تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 ستمبر2026ء) امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایران نے ہمارے جہازوں پر فائرنگ کی تو ہم اس کے تیل کے ٹینکروں کو تباہ کر دیں گے، یہ بات امریکی سینٹرل کمانڈکی جانب سے اس اعلان کے بعد سامنے آئی کہ اس نے پانچ ستمبر کو خام تیل کے تین ایرانی ٹینکروں پر فضائی حملے کیے، امریکی وزیر جنگ نے کہا کہ ایرانی تیل بردار ٹینکروں کا بیڑا غیر محفوظ ہے اور تہران کے پاس اپنے بیڑے کی حفاظت کے لیے کوئی بحری یا فضائی افواج نہیں ہیں، دوسری جانب پاسداران انقلاب نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں غیر مجاز راستوں پر 3 جہازوں کو نشانہ بنایا، دیگر علاقوں میں 3 امریکی جہازوں کو نشانہ بنایا۔

عالمی میڈیا کے مطابق سینٹ کام نے کہا کہ ایک امریکی طیارہ بردار جہاز اور ایک گائیڈڈ میزائل تباہ کن جہاز ایران کے متعدد بلا اشتعال حملوں سے بچنے میں کامیاب رہے، امریکی افواج کا کوئی اہلکار زخمی نہیں ہوا، ایران کے ناکام حملوں کے بعد سینٹرل کمانڈ نے ایرانی پاسداران انقلاب سے تعلق رکھنے والے دو تیل بردار ٹینکروں، جزیرہ خارگ کے ساحل کے قریب ڈانی اور جاسک کے قریب سٹارک 1 کو مستقل طور پر ناکارہ کر دیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ امریکی افواج نے بحر عمان میں تیل بردار ٹینکر کو بھی اس کے متعدد حساس مقامات پر نشانہ بنانے کے بعد تباہ کر دیا، عملے کو جہاز خالی کرنے کا حکم دیے جانے کے بعد وہ جہاز مکمل طور پر ناکارہ ہو گیا، امریکی دعویٰ ہے کہ تینوں ایرانی آئل ٹینکر اربوں ڈالر کے ایک خفیہ نیٹ ورک کا حصہ ہیں جو ایرانی پاسداران انقلاب اور اس کے علاقائی نمائندوں کی مالی اعانت کرتا ہے، ایران کے پاس ان کے دفاع کا کوئی ذریعہ نہیں۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر نے کہا پاسداران انقلاب کے لیے ہمارا پیغام واضح ہونا چاہیے کہ اگر آپ ہمارے دو جہازوں پر فائرنگ کریں گے تو ہم آپ کے تین جہازوں کو تباہ کر کے آپ پر کہیں زیادہ بڑا معاشی نقصان عائد کریں گے، ہم امریکی افواج کے دفاع میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کریں گے اور اگر ضرورت پڑی تو ہم ایران کے محدود اور کمزور تیل کے بیڑے کو تباہ کر دیں گے۔

بتایا جارہا ہے کہ یہ حملے ایسے وقت کیے گئے ہیں جب واشنگٹن ایران کی بندرگاہوں کا محاصرہ کرکے، اس پر سخت پابندیاں اور اس کے ساتھ لین دین کرنے والے ملکوں پر ثانوی پابندیاں عائد کر کے اسے معاشی طور پر دبا میں مبتلا کرنے کی کوشش کر رہا ہے، ساتھ ساتھ امریکہ نے فوجی کارروائی کی دھمکی بھی برقرار رکھی ہوئی ہے، فروری کے آخر میں امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے بعد جنگ چھڑنے کے بعد سے ایران عملی طور پر دنیا کو توانائی کی فراہمی کے لیے انتہائی اہم آبنائے ہرمز کو بند کیے ہوئے ہے، امریکہ نے جوابا ایرانی بندرگاہوں پر محاصرہ قائم کردیا، ایک ماہ کی نسبتا خاموشی کے بعد فریقین کے درمیان حملوں کے تبادلے کے ساتھ حال ہی میں عسکری کشیدگی دوبارہ بڑھ گئی۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات