سندھ میں اساتذہ کی بھرتی کا معیار کیا ہی محکمہ تعلیم نے وضاحت کردی

اساتذہ کی بھرتی کے لیے کم از کم تعلیمی قابلیت گریجویشن مقرر، گزشتہ 20 برس میں میٹرک پاس امیدوار کو بطور استاد بھرتی نہیں کیا گیا، محکمہ تعلیم سندھ

اتوار 6 ستمبر 2026 11:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 ستمبر2026ء) محکمہ تعلیم سندھ نے سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی بھرتی کے لیے تعلیمی قابلیت سے متعلق وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ ریکروٹمنٹ آف ٹیچرز پالیسی 2021 کے تحت اساتذہ کی بھرتی کے لیے کم از کم تعلیمی قابلیت گریجویشن مقرر ہے۔محکمہ تعلیم سندھ کے ترجمان کے مطابق گزشتہ 20 برس کے دوران میٹرک پاس کسی بھی امیدوار کو صوبائی محکمہ تعلیم کے تحت بطور استاد بھرتی نہیں کیا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ سرکاری سروس رولز کے تحت اساتذہ کے لیے اعلیٰ تعلیمی قابلیت کے ساتھ پیشہ ورانہ اہلیت بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔ترجمان کے مطابق سالانہ اسکول مردم شماری کے اعداد و شمار میں میٹرک کوالیفکیشن رکھنے والے افراد کی تعداد صرف 1.46 فیصد ہے، تاہم ان افراد کی اکثریت نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈیولپمنٹ (این سی ایچ ڈی) کے فیڈر ٹیچرز پر مشتمل ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ تعلیم کے ترجمان نے واضح کیا کہ این سی ایچ ڈی کے فیڈر ٹیچرز صوبائی محکمہ تعلیم کی باقاعدہ بھرتیوں کے تحت نہیں آتے بلکہ کمیونٹی سپورٹ رولز کے تحت مقررہ معاوضے پر خدمات انجام دیتے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ سندھ میں میٹرک پاس اساتذہ کی بھرتی سے متعلق 1.46 فیصد کا ڈیٹا پیش کرنا حقائق کو سیاق و سباق سے ہٹ کر بیان کرنے کے مترادف ہے۔ سالانہ اسکول مردم شماری کے اعداد و شمار کو مکمل پس منظر کے بغیر پیش کرنے سے اساتذہ کی بھرتی کے اصل معیار کے بارے میں غلط تاثر پیدا ہوسکتا ہے۔

محکمہ تعلیم سندھ نے واضح کیا کہ صوبے کے سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی بھرتی مقررہ تعلیمی اور پیشہ ورانہ اہلیت کے مطابق کی جاتی ہے اور اس حوالے سے متعلقہ سروس رولز اور بھرتی پالیسی پر عملدرآمد کیا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :