حیدرآباد میں ڈیجیٹل انوائسنگ کی خلاف ورزی، 30 مال بردار گاڑیاں روک لی گئیں

ڈیجیٹل انوائس کے بغیر سامان کی ترسیل، آر ٹی او کی انفورسمنٹ کارروائی؛ کاروباری برادری کو رضاکارانہ عملدرآمد کا موقع دینے پر اتفاق

اتوار 6 ستمبر 2026 17:40

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 ستمبر2026ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ماتحت ریجنل ٹیکس آفس (آر ٹی او) حیدرآباد نے ڈیجیٹل انوائسنگ نظام اور سیلز ٹیکس قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے انفورسمنٹ کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 30 مال بردار گاڑیوں کو روک لیا۔ایف بی آر کے مطابق کارروائی کے دوران روکی گئی گاڑیوں کے پاس مطلوبہ ڈیجیٹل انوائسز اور متعلقہ دستاویزات موجود نہیں تھیں۔

انفورسمنٹ ٹیموں نے ایسے مال بردار کنسائنمنٹس کو روکا اور واجب الادا ٹیکس کا حساب کیا، جس کے بعد ٹیکس کی ادائیگی یا ڈیجیٹل انوائس پیش کیے جانے پر گاڑیوں کو روانگی کی اجازت دی گئی۔کارروائی کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ بعض ٹیکس دہندگان ڈیجیٹل انوائسنگ نظام میں رجسٹرڈ ہونے کے باوجود مال کی ترسیل ڈیجیٹل انوائس جاری کیے بغیر کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

متعلقہ قانونی دفعات کے تحت اشیاء کی نقل و حرکت سے قبل ٹیکس انوائس کا اجرا ضروری ہے۔آر ٹی او حیدرآباد کی جانب سے متعلقہ ٹیکس دہندگان کو ان کی قانونی ذمہ داریوں سے آگاہ کرتے ہوئے ڈیجیٹل انوائسنگ کی تمام ضروریات پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کی گئی۔بعد ازاں حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عادل احمد صدیقی اور حیدرآباد ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر ایس ایم جعفری نے چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو آر ٹی او حیدرآباد سجاد اکبر خان سے ملاقات کی۔

کاروباری نمائندوں نے ڈیجیٹل انوائسنگ نظام کے نفاذ کے لیے شفاف انداز میں کی جانے والی انفورسمنٹ کوششوں کو سراہا اور زور دیا کہ کاروباری برادری کو نئے قانونی تقاضوں، بالخصوص سامان روانہ کرتے وقت ڈیجیٹل انوائس جاری کرنے کے طریقہ کار سے مکمل طور پر آگاہ کیا جائے اور عملدرآمد کا مناسب موقع فراہم کیا جائے۔چیف کمشنر سجاد اکبر خان نے کاروباری برادری کو ڈیجیٹل انوائسنگ نظام کے مکمل نفاذ کے لیے رہنمائی اور سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے کہا کہ مزید انفورسمنٹ کارروائی عارضی طور پر روکنے پر غور کیا جا سکتا ہے، بشرطیکہ چیمبر آف کامرس اور ٹیکس بار اس امر کی یقین دہانی کرائیں کہ وہ کاروباری برادری کی جانب سے فوری اور مؤثر رضاکارانہ عملدرآمد یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ موقع ٹیکس دہندگان کو سہولت فراہم کرنے اور قانون پر عملدرآمد کو فروغ دینے کے لیے دیا جا رہا ہے تاکہ کاروباری برادری رضاکارانہ طور پر ڈیجیٹل انوائسنگ سمیت متعلقہ ٹیکس قوانین پر مکمل عملدرآمد یقینی بنا سکے۔

آر ٹی او حیدرآباد کے مطابق ڈیجیٹل انوائسنگ کے نظام کا مقصد ٹیکس نظام کو شفاف اور مکمل طور پر دستاویزی بنانا، ٹیکس قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانا اور کاروباری برادری کے ساتھ مؤثر تعاون کو فروغ دینا ہے۔

متعلقہ عنوان :