وہاڑی، کامسیٹس یونیورسٹی وہاڑی کیمپس نے سٹی کیمپس کا افتتاح کردیا، اکنامکس کے شعبہ کے بعد مزید شعبہ جات کا اضافہ کیا جائے گا، ڈائریکٹر کیمپس

پیر 7 ستمبر 2026 17:43

وہاڑی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2026ء) کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد وہاڑی کیمپس کے نئے سٹی کیمپس کا افتتاح پروقار تقریب میں کردیا گیا۔ افتتاح ڈائریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی وہاڑی کیمپس پروفیسر ڈاکٹر محمد معروف شاہ نے یونیورسٹی طلبہ کے ہمراہ کیا۔ تقریب میں یونیورسٹی کے اساتذہ، انتظامی عملے، طلبہ اور مقامی میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر خدا بخش، ڈین فیکلٹی آف بزنس ایڈمنسٹریشن، پروفیسر ڈاکٹر علی احمد، چیئرمین شعبہ ہیومینٹیز، ڈاکٹر عاصم یٰسین، سربراہ شعبہ اکنامکس، شعبہ اکنامکس کے فیکلٹی ممبران، انچارج ایڈمنسٹریشن یاسر اکرام اور طلبہ بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر محمد معروف شاہ نے کہا کہ نئے سٹی کیمپس میں طلبہ اور اساتذہ کو جدید اور معیاری سہولیات فراہم کی جائیں گی، جبکہ شعبہ اکنامکس کو ابتدائی طور پر سٹی کیمپس منتقل کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیا کیمپس شہر میں یونیورسٹی کی تعلیمی سرگرمیوں کو مزید مستحکم کرنے کے ساتھ طلبہ کو تعلیم، تحقیق اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے سازگار ماحول فراہم کرے گا۔ سٹی کیمپس میں جدید کلاس رومز، لیبارٹریز، فیکلٹی اور انتظامی دفاتر اور کیفے سمیت ضروری سہولیات فراہم کردی گئی ہیں جبکہ مستقبل میں طلبہ کی ضروریات کے مطابق مزید سہولیات اور خدمات کا اضافہ بھی کیا جائے گا۔

شرکاءممبر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری مختار احمد بھٹی، صدر ایمرا رجسٹرڈ ڈسٹرکٹ وہاڑی انوار آفتاب نے سٹی کیمپس کے قیام کو خوش آئند اقدام قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ وہاڑی اور گردونواح کے طلبہ کی تعلیمی اور پیشہ ورانہ ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا اور امید ظاہر کی کہ سٹی کیمپس جدید ٹیکنالوجی سے لیس نئے ڈیپارٹمنٹس کا اضافہ کیا جائے گا۔\378