لاہور ہائیکورٹ کی نئی 11 منزلہ عدالتی عمارت میں 12 ججز کو عدالتیں الاٹ

تمام متعلقہ ججز نے نئی عدالتوں میں مقدمات کی سماعت کا آغاز بھی کردیا

پیر 7 ستمبر 2026 19:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2026ء) لاہور ہائیکورٹ کی نئی 11منزلہ عدالتی عمارت میں 12 ججز کو عدالتیں الاٹ کردی گئیں جبکہ تمام متعلقہ ججز نے نئی عدالتوں میں مقدمات کی سماعت کا آغاز بھی کردیا ۔تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں عدالتی گنجائش بڑھانے کے لیے قائم کی جانے والی نئی 11منزلہ عمارت میں ججز کی عدالتیں مختلف منزلوں پر قائم کردی گئی ہیں۔

نئی عمارت میں عدالتیں الاٹ ہونے کے بعد ججز نے اپنے نئے کمرہ عدالتوں میں مقدمات کی سماعت شروع کردی۔نئی عمارت کے گرائونڈ فلور پر چار ججز کو عدالتیں الاٹ کی گئی ہیں۔ گرائونڈ فلور پر جسٹس محمد امجد رفیق، جسٹس فاروق حیدر، جسٹس سردار علی اکبر ڈوگر اور جسٹس خرم محمود صادق مقدمات کی سماعت کریں گے۔

(جاری ہے)

پہلی منزل پر بھی چار ججز کی عدالتیں قائم کی گئی ہیں۔

یہاں جسٹس مزمل اختر شبیر، جسٹس عاصم حفیظ، جسٹس احمد ندیم ارشد اور جسٹس رسال حسن سید کو عدالتیں الاٹ کی گئی ہیں۔اسی طرح نئی عمارت کی دوسری منزل پر جسٹس جاوید اقبال وینس، جسٹس حسن نواز مخدوم، جسٹس خالد اسحاق اور جسٹس وقار حیدر اعوان کی عدالتیں قائم کردی گئی ہیں۔عدالتوں کی نئی عمارت میں ججز کی منتقلی کے بعد 12ججز نے اپنے نئے کمرہ عدالتوں میں مقدمات کی سماعت شروع کردی ہے۔

اس اقدام سے لاہور ہائیکورٹ میں عدالتی امور کے لیے دستیاب جگہ میں اضافہ ہوا ہے۔نئی عمارت میں عدالتیں قائم ہونے سے ججز، وکلاء اور سائلین کے لیے عدالتی کارروائی کو مزید منظم انداز میں آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔ مختلف منزلوں پر عدالتوں کی تقسیم کے باعث عدالتی امور کے لیے اضافی گنجائش بھی پیدا ہوئی ہے۔لاہور ہائیکورٹ کی نئی 11منزلہ عمارت میں مرحلہ وار مزید عدالتی اور انتظامی سرگرمیوں کی منتقلی بھی جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ نئی عدالتوں میں مقدمات کی سماعت کا آغاز عدالتی ڈھانچے میں توسیع کی اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔