60 سال اور اس سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں کے لیے بی آر ٹی بسوں میں مفت سفر ی سہولت کی منظوری

منگل 8 ستمبر 2026 20:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2026ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت احساس بزرگ کارڈ سے متعلق اجلاس میں 60 سال اور اس سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں کے لیے بی آر ٹی بسوں میں مفت سفر کی سہولت فراہم کرنے کے لیے احساس بزرگ کارڈ کے اجراء کی اصولی منظوری دے دی گئی۔اجلاس میں متعلقہ حکام کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ احساس بزرگ کارڈ کے ذریعے 60 سال اور اس سے زائد عمر کے شہری بی آر ٹی بسوں میں مفت سفر کی سہولت سے مستفید ہوں گے۔

اس سہولت پر سالانہ تقریباً 935 ملین روپے لاگت آئے گی، جو صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ بزرگ شہریوں کی نادرا سے تصدیق کے بعد پانچ ماہ کے عرصے میں انہیں احساس بزرگ کارڈز جاری کر دیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

کارڈ کے غلط استعمال کی روک تھام کے لیے بھی مؤثر نظام وضع کیا جائے گا جبکہ احساس بزرگ کارڈ کے غلط استعمال پر متعلقہ شہری پر 500 روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ بزرگ شہریوں کو باوقار، محفوظ اور آسان سفری سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کے عوام دوست ایجنڈے کا اہم حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر اور دیرپا اقدامات جاری رکھے گی اور معاشرے کے بزرگ شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو احساس بزرگ کارڈ کے اجراء اور مفت سفری سہولت کے لیے ضروری اقدامات مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔