لندن، تارکین وطن بھارتیوں کا موہن بھاگوت کے دورے کے خلاف احتجاج

بدھ 9 ستمبر 2026 17:03

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2026ء) ’’آر ایس ایس‘‘ کے سربراہ موہن بھاگوت کے دورہ برطانیہ کے خلاف بھارتی تارکین وطن تنظیموں نے لندن کے پارلیمنٹ اسکوائر پر احتجاج کیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق احتجاج کا اہتمام جنوبی ایشیا یکجہتی گروپ (ایس اے ایس جی )سمیت 20 گروپوں نے کیا تھا۔ انہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جس پر بھارت میں ہندوتوا کے جرائم کے خلاف نعرے درج تھے۔

شرکا نے فاشسٹ آر ایس ایس کے خلاف نعرے لگائے اور وزیر اعظم نریندر مودی کے اقلیتوں کے خلاف مظالم کی مذمت کی۔ (ایس اے ایس جی )کی آرگنائزر کلپنا ولسن نے مسلمانوں کے خلاف آر ایس ایس کی دشمنی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تنظیم نے نازیوں اور مسولینی کے فاشسٹوں سے تحریک حاصل کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے برطانیہ کے انتہائی دائیں بازو کے کارکن ٹومی رابنسن کے ساتھ آر ایس ایس کے روابط کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ تنظیم برطانیہ میں بھی اسلامو فوبک تشدد کو ہوا دے رہی ہے۔

کلپناولسن نے مزید کہا کہ مودی نے بھارت کو نسل کشی کرنے والے صہیونی ادارے کا سب سے بڑا اتحادی بنا دیا ہے، بھارت اسرائیلی ہتھیاروں کا سب سے بڑا خریدار ہے ۔ یہ ہتھیار فلسطینیوں اور کشمیریوں کے خلاف استعمال کیے جارہے ہیں۔دیگر مقررین میں کاسٹ واچ یو کے کے چیئرمین ستپال منان ، انڈین مسلم کونسل (یو کے )کے Naim Budhiuzzaman اور ہندوز فار ہیومن رائٹس کے راجیو سنہا شامل تھے۔ ان تنظیموں نے پہلے برطانیہ کے سفیر برائے مذہبی آزادی اور دفتر خارجہ کو خط لکھ کر بھاگوت اور آر ایس ایس کے دیگر رہنمائوں کے بائیکاٹ او ان پر پابندیوں کا مطالبہ کیا تھا۔