نارائن پورا جشنِ آزادی فٹبال جونیئر سپر کپ ڈایا لال بھگت فٹبال کلب نے جیت لیا

بدھ 9 ستمبر 2026 18:19

نارائن پورا جشنِ آزادی فٹبال جونیئر سپر کپ ڈایا لال بھگت فٹبال کلب ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2026ء) نارائن پورا جشنِ آزادی فٹبال جونیئر سپر کپ کا سنسنی خیز فائنل بلوچ پارک میں کھیلا گیا، جس میں شنکر ماسٹر چوہان فٹبال کلب اور ڈایا لال بھگت فٹبال کلب کی ٹیمیں مدمقابل آئیں۔ دونوں ٹیموں نے فائنل میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، تاہم ڈایا لال بھگت فٹبال کلب نے میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول اسکور کرکے 1-0 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

فائنل میچ کے دوران شائقینِ فٹبال کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے دونوں ٹیموں کی عمدہ کارکردگی کو بھرپور سراہا۔ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 10 ٹیموں نے حصہ لیا۔اختتامی تقریب اور تقسیمِ انعامات کے مہمانِ خصوصی یوسی چیئرمین فرحت مٹھو تھے، جنہوں نے فاتح ٹیم کو ٹرافی پیش کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں خصوصی نقد انعامات بھی تقسیم کیے گئے، جبکہ ٹورنامنٹ میں شریک تمام کھلاڑیوں کو بیگز، کٹس اور نقد انعامات دیے گئے۔

تقریب میں عمائدینِ علاقہ سمیت سماجی رہنما پراتھم بھگت، شفیق چانڈیو اور محمد طارق نے شرکت کی۔ فائنل میچ میں ریفری کے فرائض محمد احمد نے انجام دیے، جبکہ وکی نے میچ کمشنر کے فرائض سرانجام دیے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی نے کہا کہ اس طرح کے فٹبال ٹورنامنٹس کے انعقاد سے کراچی کا سافٹ امیج بہتر ہوتا ہے۔ کراچی میں فٹبال کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، اگر نوجوان کھلاڑیوں کو گراس روٹ لیول پر مناسب مواقع اور سہولیات فراہم کی جائیں تو وہ قومی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرسکتے ہیں۔

سماجی رہنما پراتھم بھگت نے ٹورنامنٹ کے منتظمین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے یقین دلایا کہ مستقبل میں بھی اس طرح کے کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔