Live Updates

حوثیوں کے سعودی عرب پر نئے حملے، باب المندب پر قبضے سے خطے میں کشیدگی بڑھ گئی

فورسزنے سعودی علاقے نجران میں شرورہ کے قریب ایک فوجی اڈے کو میزائل اور ڈرون حملے کا نشانہ بنایا. حوثی فوجی ترجمان کا دعوی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 13 ستمبر 2026 18:46

حوثیوں کے سعودی عرب پر نئے حملے، باب المندب پر قبضے سے خطے میں کشیدگی ..
قاہرہ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔13 ستمبر ۔2026 ) یمنی حوثیوں نے سعودی عرب پر نئے میزائل اور ڈرون حملوں کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ سعودی حمایت یافتہ یمنی حکومت نے بحیرہ احمر کے ساحلی علاقے میں حوثیوں کی تیز پیش قدمی کو ایران جنگ کے دوران ایک نئے محاذ پر تکلیف دہ پیش رفت قرار دیا ہے حوثیوں کی جانب سے گزشتہ چند روز کے دوران ایک اہم بندرگاہی شہر اور ”باب المندب آبنائے“ میں واقع ایک جزیرے پر قبضے کے بعد خطے میں تشویش بڑھ گئی ہے باب المندب آبنائے عالمی بحری تجارت کے لیے انتہائی اہم راستہ ہے اور آبنائے ہرمز کے متبادل اہم سمندری راستوں میں شمار ہوتا ہے.

(جاری ہے)

حوثیوں کی اس پیش قدمی نے عالمی منڈیوں میں بھی تشویش پیدا کردی ہے، جبکہ یمن کے شہریوں کو خدشہ ہے کہ تازہ کشیدگی ملک کو ایک بار پھر تباہ کن خانہ جنگی کی جانب دھکیل سکتی ہے حوثی فوجی ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحییٰ سریع نے ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ حوثی فورسز نے سعودی عرب کے علاقے نجران میں شرورہ کے قریب ایک فوجی اڈے کو میزائل اور ڈرون حملے کا نشانہ بنایا تاہم ترجمان نے اپنے دعوے کے حق میں کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا اور نہ ہی یہ بتایا کہ حملہ کب کیا گیا.

دوسری جانب سعودی سول ڈیفنس نے رات گئے جاری بیان میں کہا کہ یمن کی سرحد کے قریب بحیرہ احمر کے ساتھ واقع ”التوال گورنریٹ“ میں ایک میزائل نما گولہ گرا، جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے جبکہ ایک مسجد اور متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا سعودی حکام نے اس حملے کا الزام حوثیوں پر عائد کیا بیان کے مطابق شرورہ کے علاقے میں فضائی حملے کے سائرن بھی بجائے گئے تاہم کسی جانی نقصان یا اضافی مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی.

سعودی عرب کی جانب سے اتوار کو حوثیوں کے خلاف کسی نئے حملے کے حوالے سے فوری طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا حوثی باغی حالیہ دنوں میں سعودی تیل تنصیبات اور بحری جہازوں کو بھی نشانہ بناتے رہے ہیں اور انہوں نے خطے میں ایک نئی بحری ناکہ بندی کا اعلان کیا ہے. حوثیوں کا کہنا ہے کہ دیگر تجارتی بحری جہازوں کے لیے کوئی خطرہ نہیں، تاہم باب المندب میں بدلتی ہوئی صورتحال نے عالمی منڈیوں میں بے چینی پیدا کردی ہے عالمی مارکیٹ میں نئی کشیدگی کے اثرات کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوا ہے، جبکہ سرمایہ کاروں کو خدشہ ہے کہ اگر باب المندب اور بحیرہ احمر میں کشیدگی مزید بڑھی تو عالمی توانائی اور تجارتی سپلائی چین شدید متاثر ہوسکتی ہے.
Live سعودی عرب سے متعلق تازہ ترین معلومات