27 ستمبر لانگ مارچ کے پیچھے قطعی طور پر کچھ بھی نہیں ہے، عامر الیاس رانا کا دعویٰ

چہ مگوئیاں ہیں کہ جیسے کچھ نیا ہونے جا رہا ہے، میں بھر پور تسلی کے بعد لکھ رہا ہوں کہ ’انگور کھٹے‘ ہیں، حکومت اور ریاستی اداروں کے درمیان کسی قسم کا کوئی اختلاف نہیں؛ صحافی و تجزیہ کار کی ایکس پوسٹ

Sajid Ali ساجد علی اتوار 20 ستمبر 2026 23:42

27 ستمبر لانگ مارچ کے پیچھے قطعی طور پر کچھ بھی نہیں ہے، عامر الیاس رانا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 ستمبر 2026ء) پاکستان تحریک انصاف کے 27 ستمبر کے مجوزہ لانگ مارچ اور ملک میں جاری سیاسی کشیدگی کے دوران حکومت اور عسکری و سکیورٹی اداروں کے مابین مبینہ اختلافات کی افواہوں پر صحافی اور تجزیہ کار عامر الیاس رانا کا اہم انکشاف سامنے آگیا۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں عامر الیاس رانا نے کہا کہ حکومت اور ریاستی اداروں کے درمیان قومی سلامتی، داخلی امور اور موجودہ سیاسی صورتحال پر کسی قسم کا کوئی اختلاف نہیں ہے، کچھ مخصوص حلقے اور سیاسی عناصر مسلسل اس معاملے پر چہ مگوئیاں کر رہے ہیں تاکہ عوام میں یہ تاثر پیدا کیا جا سکے کہ شاید اسٹیبلشمنٹ اور حکومت کے درمیان تعلقات خراب ہیں یا کوئی اندرونی تنازعہ موجود ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے متعلقہ و باخبر ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ حکومتی اور سیکیورٹی حلقوں کا اس بارے میں بالکل واضح اور متفقہ مؤقف ہے کہ یہ چہ مگوئیاں اور پراپیگنڈہ جان بوجھ کر پھیلایا جا رہا ہے، اس کی بنیادی وجہ یہ دکھانا ہے کہ اپوزیشن کے 27 ستمبر کے لانگ مارچ کے پیچھے گویا کوئی گہری سازش یا بیک ڈور حمایت موجود ہے، حالانکہ حقیقت میں ایسا قطعی طور پر کچھ بھی نہیں ہے۔

صحافی نے واضح کیا کہ موجودہ سیاسی و سکیورٹی حالات کے تناظر میں حکومت اور ریاست کے درمیان ایسا کوئی معاملہ یا دوری نہیں ہے جس سے ان کے ایک پیج پر نہ ہونے کا ذرہ برابر بھی تاثر بنتا ہو، میں اپنی بھرپور تسلی کے بعد ہی یہ لکھ رہا ہوں کہ ’انگور کھٹے ہیں‘ یعنی اپوزیشن اداروں میں پڑنے والی دراڑ سے فائدہ اٹھانے کا جو خواب دیکھ رہی ہے وہ محض ایک خام خیالی ہے۔