جموں وکشمیرسے متعلق صدر اردوان کے بیان کا خیر مقدم

لیز پالیسی کے تحت کشمیریوں کو زمینوں سے بے دخل کرنے کے خدشات میں اضافہ

بدھ 23 ستمبر 2026 17:45

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2026ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے ترک صدر رجب طیب اردوان کی طرف سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیربھرپور انداز میں اٹھانے کا خیرمقدم کیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ صدر اردوان کا بیان کشمیری عوام کی امنگوں کا عکاس ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ترکیہ کی مسلسل حمایت کو سراہا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے۔

(جاری ہے)

کشمیریوں کو ان کی زمینوں اور جائیدادوں سے محروم کرنے کی جاری مہم کے تحت قابض انتظامیہ نے بارہمولہ میں ایک اور شہری کا دو منزلہ مکان ضبط کر لیا ہے۔

نئی دہلی کی مسلط کردہ قابض انتظامیہ نے ایک اور پالیسی متعارف کرائی ہے جس کے تحت لیز قوانین کی آڑ میں بھی کشمیریوں کو ان کی اراضی سے محروم کیے جانے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔بی جے پی کی زیر قیادت انتظامیہ نے میعاد ختم ہونے والی ریاستی اور نزول اراضی کی لیزکی تجدید پر پابندی عائد کر دی ہے جس سے مقامی کشمیری باشندوں کو ان کی زمینوں سے محروم کیے جانے اور مقبوضہ علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کئے جانے کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔

لداخ میں لہہ ایپکس باڈی اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس نے 24ستمبر 2025کو بھارتی فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے شہریوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے 20کلومیٹر طویل پیدل مارچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یادگاری تقاریب میں دعا ئیہ مجالس، شمع روشن کرنے کی تقریبات، ایک منٹ کی خاموشی اور پھولوں کی چادریں چڑھانا شامل ہوگا۔ لداخی تنظیموں نے ہلاکتوں کی آزادانہ تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

رام بن میں بھارتی پولیس کے دو اسپیشل پولیس افسر(ایس پی اوز)پراسرار حالات میں مردہ پائے گئے۔ پولیس نے بتایاکہ ہلاک ہونے والے ایک اہلکار کی گردن کے گرد نشانات پائے گئے۔پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے خبردار کیا ہے کہ اگر انتخابی فہرستوں میں ردوبدل کا سلسلہ جاری رہا تو بھارت ایک’’ بنانا ری پبلک ‘‘ بن سکتا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آیا اختلاف رائے رکھنے والے الیکشن کمشنرز کو بھی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ یا انکم ٹیکس کے چھاپوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

نیویارک میں کشمیری وفود نے جموں و کشمیر کے بارے میں اسلامی تعاون تنظیم کے رابطہ گروپ کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی سیاسی اور انسانی حقوق کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ وفود نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزیوں کے خلاف عالمی سطح پر اقدامات کا مطالبہ کیا۔جنیوا میں ورلڈ مسلم کانگریس کے ایک وفد نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 63ویں اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے فوری عالمی مداخلت کا مطالبہ کیا۔