لمپی اسکن کے خطرے پر سندھ میں ہائی الرٹ

پنجاب اور خیبرپختونخوا سے آنے والے جانوروں کی اسکریننگ، ویکسینیشن اور قرنطینہ یقینی بنانے کی ہدایت

ہفتہ 26 ستمبر 2026 15:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2026ء) صوبائی وزیر لائیواسٹاک محمد علی ملکانی نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں جانوروں میں لمپی اسکن بیماری کے پھیلاؤ کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سندھ میں ہائی الرٹ جاری کرنے کی ہدایت کردی۔صوبائی وزیر کی ہدایت پر محکمہ لائیواسٹاک سندھ نے حفاظتی اقدامات تیز کرتے ہوئے پنجاب سے سندھ آنے والے جانوروں کی اسکریننگ، ویکسینیشن اور قرنطینہ لازمی بنانے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

محمد علی ملکانی نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں لمپی اسکن کا پھیلاؤ تشویشناک ہے، سندھ کے لائیواسٹاک شعبے کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس معاملے میں کسی غفلت کی گنجائش نہیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ سندھ کے سرحدی اضلاع میں داخل ہونے والے ہر جانور کی اسکریننگ اور ویکسینیشن ہر صورت یقینی بنائی جائے جبکہ متاثرہ جانوروں کو صوبے میں داخل نہ ہونے دیا جائے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ لائیواسٹاک صورتحال کی چوبیس گھنٹے نگرانی کرے اور مویشی پال افراد کو ضروری معاونت فراہم کی جائے۔ انہوں نے ڈی جی لائیواسٹاک ڈاکٹر حزب اللہ بھٹو کو فیلڈ افسران کو الرٹ رکھنے اور حفاظتی اقدامات مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔ڈی جی لائیواسٹاک کی ہدایت پر سندھ کے داخلی راستوں پر نگرانی اور قرنطینہ کے انتظامات بھی کیے جارہے ہیں، جبکہ کموشہید، گھوٹکی اور گڈو میں فوری طور پر کیمپ قائم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔محکمہ لائیواسٹاک کے افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ سرحدی علاقوں میں جانوروں کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جائے اور بیماری کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کیلئے تمام ضروری حفاظتی اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔