ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کی زیرصدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس

منگل 29 ستمبر 2026 19:14

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2026ء) ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم کی زیرصدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں ضلع کی سکیورٹی صورتحال،انتظامی امور اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔ منگل کو منعقدہ اجلاس میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں،غیر قانونی کان کنی و کرشنگ پلانٹس،گوداموں اور مدارس کی رجسٹریشن،منشیات،غیر رجسٹرڈ و نان کسٹم پیڈ گاڑیوں،غیر قانونی اسلحہ اور دیگر معاملات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائیاں موثر بنانے،غیر ملکی طلبہ کی باقاعدہ میپنگ و مانیٹرنگ اور غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی واپسی سے متعلق حکومتی منصوبے پر عملدرآمد کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں غیر قانونی سمز،نفرت انگیز مواد اور دیگر حساس معاملات کی روک تھام کے لیے اداروں کے درمیان رابطے پر بھی زور دیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ایبٹ آباد میں 10 نئے سیاحتی و ہائیکنگ ٹریکس کی نشاندہی کی گئی ہے جن کی صفائی،بحالی اور دیکھ بھال کے لیے متعلقہ محکمے اقدامات کریں گے۔

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ سکیورٹی کلیئرنس کے بعد ہی یہ ٹریکس عوام اور سیاحوں کے لیے کھولے جائیں گے۔ اجلاس میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز،تجاوزات،گداگری اور غیر رجسٹرڈ کرشنگ پلانٹس کے خلاف کارروائیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ این او سی کے بغیر کسی ہاؤسنگ سوسائٹی کو کام کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع میں اس وقت صرف 6 ہاؤسنگ سوسائٹیز قانونی حیثیت رکھتی ہیں جبکہ غیر قانونی سوسائٹیز کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ عوامی مفاد،امن و امان اور قانون کی بالادستی کے لیے باہمی رابطے سے کارروائیاں تیز کی جائیں اور اجلاس کے فیصلوں پر مقررہ مدت میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔