پریذیڈنٹس ٹرافی گریڈ ون کے چوتھے رائونڈ کے پہلے روز ایس این جی پی ایل کے اذان اویس، کنگز مین اکیڈمی کے سلمان علی آغا اور محمد سلیمان کی سنچریاں

بدھ 30 ستمبر 2026 21:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2026ء) پریذیڈنٹس ٹرافی گریڈ ون کے چوتھے رائونڈ کے پہلے روز ایس این جی پی ایل کے اذان اویس، کنگز مین اکیڈمی کے سلمان علی آغا اور محمد سلیمان نے سنچریاں سکور کیں جبکہ غنی کے خرم شہزاد نے 6 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ پی سی بی کے مطابق غنی نے ایم آئی ٹی سلیوشنز کو پہلی اننگز میں 150 رنز پر آئوٹ کر دیا، محمد فاروق 47 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

خرم شہزاد نے 6 وکٹیں حاصل کیں اور فرسٹ کلاس کیریئر میں 11ویں مرتبہ پانچ یا اس سے زائد وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل کیا۔ جواب میں غنی نے کھیل کے اختتام تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بنا لیے، محسن ریاض 69 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ کنگز مین اکیڈمی نے کے آر ایل کے خلاف پہلے روز 3 وکٹوں کے نقصان پر 430 رنز بنا لئے۔

(جاری ہے)

محمد سلیمان 122 اور سلمان علی آغا 106 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔

محمد سلیمان نے فرسٹ کلاس کیریئر کی ساتویں جبکہ سلمان علی آغا نے 19ویں سنچری مکمل کی۔ طیب عارف 98 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ سعود شکیل نے بھی نصف سنچری سکور کی۔ ایس این جی پی ایل نے پی ٹی وی کے خلاف پہلے روز 3 وکٹوں کے نقصان پر 277 رنز بنائے۔ اذان اویس نے 15 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 130 رنز بنائے جو ان کے فرسٹ کلاس کیریئر کی 12ویں سنچری ہے۔ عمیر بن یوسف 82 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ ہیں۔ پی ٹی وی کے محمد شہزاد نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ سٹیٹ بینک نے او جی ڈی سی ایل کو 196 رنز پر آئوٹ کر دیا، سعد خان 38 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔ سٹیٹ بینک کے شاہد عزیز نے چار، مبشر خان نے تین جبکہ سراج الدین نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں سٹیٹ بینک نے کھیل کے اختتام تک 3 وکٹوں کے نقصان پر 94 رنز بنا لیے۔