20ویں ایشین گیمز ، پاکستان کی مختلف کھیلوں میں شاندار پیش رفت، کرکٹ ، سکواش ٹیمیں فائنل اور شوٹر غلام مصطفیٰ بشیر بھی میڈل راؤنڈ داخل

جمعرات 1 اکتوبر 2026 12:09

20ویں ایشین گیمز ، پاکستان کی مختلف کھیلوں میں شاندار پیش رفت، کرکٹ ..
ناگویا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2026ء) جاپان کے صوبے ایچی اور شہر ناگویا میں جاری 20ویں ایشین گیمز 2026 میں پاکستان کے لئے شاندار دن رہا، جہاں قومی دستے نے کرکٹ، سکواش اور شوٹنگ کے مقابلوں میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل مرحلے تک رسائی حاصل کر لی۔ایشین گیمز کے مینز کرکٹ ایونٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو شکست دے دی اور فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

بنگلہ دیش کے خلاف اس فتح کے ساتھ ہی قومی مینز کرکٹ ٹیم نے ایونٹ میں پاکستان کے لیے کم از کم چاندی کا تمغہ پکا کر لیا ہے جبکہ قومی شاہین اب طلائی تمغے کے حصول کے لیے فائنل مقابلے میں میدان میں اتریں گے۔ادھر سکواش کورٹس سے بھی پاکستان کے لیے خوش آئند پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پاکستان مینز سکواش ٹیم نے اپنے روایتی حریفوں کے خلاف برتری ثابت کرتے ہوئے ایشین سکواش ٹیم ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے، جس سے پاکستان کے میڈل ٹیلی میں اضافے کے امکانات مزید روشن ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب نشانے بازی کے مقابلوں میں پاکستان کے تجربہ کار اور بین الاقوامی شہرت یافتہ شوٹر غلام مصطفیٰ بشیر نے بھی تاریخ رقم کرتے ہوئے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ مینز 25 میٹر ریپڈ فائر پسٹل کے سٹیج ٹو کوالیفکیشن مرحلے میں انہوں نے 28 شوٹرز کے سخت مقابلے کے بعد مجموعی طور پر چھٹی پوزیشن حاصل کی۔ جی ایم بشیر نے 578-19x کے شاندار سکور کے ساتھ فائنل شوٹ آؤٹ میں اپنی نشست پکی کی، جہاں وہ پاکستان کے لیے انفرادی تمغے کے حصول کی نبرد آزما ہوں گے ۔