پاکستان کی قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ 2 اکتوبرسے لاہور میں شروع ہوگا ، سید سلطان شاہ

جمعرات 1 اکتوبر 2026 12:09

پاکستان کی قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ 2 اکتوبرسے لاہور میں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2026ء) ایشیا کپ بلائنڈ مینز ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان کی قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ 2 اکتوبر بروز جمعہ سے لاہور میں شروع ہوگا۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ کے مطابق کیمپ ہیڈ کوچ محمد جمیل کی زیر نگرانی بلائنڈ کرکٹ سٹیڈیم لاہور میں لگایا جائے گا۔

تربیتی کیمپ کے لیے 20 ممکنہ کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے، جبکہ ٹیم کوچ یوسف ہارون اور ٹرینر طاہر محمود بٹ قومی کھلاڑیوں کی تربیت کریں گے۔ تین رکنی سلیکشن کمیٹی 7 اکتوبر کو کارکردگی اور صلاحیت کی بنیاد پر 16 رکنی حتمی سکواڈ کا انتخاب کرے گی۔ممکنہ کھلاڑیوں میں بی ون کیٹیگری کے ظفر اقبال، محمد شاہ زیب، محمد ادریس سلیم، جنید خان، فخر عباس اور حمزہ محبوب شامل ہیں۔

(جاری ہے)

بی ٹو کیٹیگری میں بدر منیر، نثار علی، معین اسلم، نعمت اللہ، بابر علی اور حفظان خان کو شامل کیا گیا ہے جبکہ بی تھری کیٹیگری میں محمد صفدر، مطیع اللہ، طلحہ اقبال، محمد راشد، اکمل حیات ناصر، نعیم اللہ، محمد راحیل اور سانول شہزادہ شامل ہیں۔سید سلطان شاہ کے مطابق قومی ٹیم ایشیا کپ میں شرکت کے لیے 12 نومبر کو لاہور سے بنگلہ دیش روانہ ہوگی۔ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب 13 نومبر کو ہوگی، جبکہ ایشیا کپ کے میچز 14 نومبر سے ڈھاکہ میں شروع ہوں گے۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 20 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ایشیا کپ بلائنڈ مینز ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان کے علاوہ بھارت، سری لنکا، افغانستان اور میزبان بنگلہ دیش کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔