Live Updates

عمرے کی آڑ میں آسٹریلیا جانے کا نیا ڈنکی روٹ بے نقاب، 3 افراد گرفتار

ملزمان کا منصوبہ سعودی عرب میں تقریباً 3 روز قیام کے بعد بحرین اور پھر جزیرہ نما ملک جمہوریہ پالاؤ پہنچ کر وہاں سے غیر قانونی طور پر آسٹریلیا میں داخل ہونا تھا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 1 اکتوبر 2026 13:28

عمرے کی آڑ میں آسٹریلیا جانے کا نیا ڈنکی روٹ بے نقاب، 3 افراد گرفتار
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 اکتوبر 2026ء) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے عمرے کی آڑ میں غیر قانونی طریقے ڈنکی سے آسٹریلیا جانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک نئے روٹ کا انکشاف کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ایئرپورٹ پر امیگریشن کلیئرنس کے دوران سعودی عرب کے عمرہ ویزے پر روانہ ہونے والے تین پاکستانی مسافروں کا رویہ مشکوک پایا گیا، جس پر ڈیوٹی افسران نے انہیں روک کر تفصیلی تفتیش اور جانچ پڑتال کا آغاز کیا۔

تفتیش کے دوران مسافروں نے یہ سنسنی خیز انکشاف کیا کہ ان کا اصل مقصد عمرہ کی ادائیگی نہیں بلکہ سعودی عرب پہنچ کر وہاں تین دن قیام کے بعد بحرین اور پھر بحرِ الکاہل کے جزیرے جمہوریہ پالاؤ کے راستے غیر قانونی طور پر آسٹریلیا میں داخل ہونا تھا۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار مسافروں کی شناخت ندیم اقبال، شہزاد علی اور سمر شہزاد کے ناموں سے ہوئی ہے، جن کا تعلق پنجاب کے اضلاع حافظ آباد اور سرگودھا سے ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ انسانوں کے سمگلروں اور ایجنٹوں کے اس نئے انسانی ہتھکنڈے اور ڈنکی روٹ کا پردہ فاش ہونے پر تینوں ملزمان کو مزید قانونی کارروائی اور ایجنٹوں کے گرینڈ نیٹ ورک کی گرفتاری کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا۔
Live سعودی عرب سے متعلق تازہ ترین معلومات