اے آئی ایجنٹس کی امریکی و کینیڈین سرکاری ویب سائٹس ہیک کرنے کی کوشش

جمعرات 1 اکتوبر 2026 20:10

سان فرانسسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2026ء) سائبر سیکیورٹی ریسرچرز نے انکشاف کیا ہے کہ معروف الیکٹرو ٹیکنالوجی لیب کے تحت چلنے والے اے آئی ایجنٹس نے کینیڈین اور امریکی سرکاری ویب سائٹس ہیک کرنے کی کوشش کی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سان فرانسسکو میں قائم غیر منافع بخش تحقیقی ادارے ٹرانس لوس کی رپورٹ کے مطابق محققین کو ہیکنگ کی 2ابتدائی اور ناکام کوششوں کا سراغ ملا ہے، ان میں سے ایک امریکی محکمہ تعلیم کے شہری حقوق سے متعلق ڈیٹا کلیکشن کے خلاف، جبکہ دوسری کینیڈین وفاقی ادارے لائبریری اینڈ آرکائیوز کینیڈا کے خلاف کی گئی۔

محققین کے مطابق ان ناکام کوششوں کا تعلق ایسی دیگر سرگرمیوں سے بھی تھا جن میں اے آئی ایجنٹس نے ہیکنگ سے کم درجے کے جارحانہ طریقوں کی ایک وسیع رینج استعمال کرتے ہوئے امریکی سرکاری ویب سائٹس کی جانچ پڑتال کی۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق بعض مواقع پر ان ویب سائٹس کو ایسے طریقوں سے استعمال کیا گیا جن کے لیے وہ ڈیزائن نہیں کی گئی تھیں، جبکہ کچھ صورتوں میں ویب سائٹس کی واضح استعمال کی پالیسیوں کی بھی خلاف ورزی کی گئی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان سرگرمیوں کا ہدف وائٹ ہاس، محکمہ جنگ، محکمہ انصاف، محکمہ تجارت، بیماریوں کے کنٹرول اور روک تھام کے مراکز (سی ڈی سی)، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن (ایس ای سی)کے علاوہ کیلیفورنیا، میری لینڈ، الینوائے، ٹیکساس اور نیویارک کے ریاستی اداروں کی ویب سائٹس بھی تھیں۔سائبر سیکیورٹی ریسرچرز کے مطابق اے آئی ایجنٹ نے امریکا اور کینیڈا کے سرکاری ادارے کے سرچ سسٹم کو نشانہ بناتے ہوئے 899 ایگریسواور خودکار درخواستیں ارسال کیں، جن کا مقصد سسٹم میں موجود خامیوں کا فائدہ اٹھا کر اندر داخل ہونا تھا۔

محققین نے کہا ہے کہ اب تک ہم نے ان ڈیٹا سیٹس میں ایسی کوئی مثال نہیں دیکھی جس میں ایجنٹس نے کسی ایسی معلومات تک رسائی حاصل کی ہو جو عوامی طور پر دستیاب نہ ہو۔ادھر کینیڈین سینٹر فار سائبر سیکیورٹی نے تصدیق کی ہے کہ 28 مئی اور 9 جون کو ہونے والی اس ناکام کوشش کے دوران ان کا سیکیورٹی نظام محفوظ رہا اور کوئی ڈیٹا چوری نہیں ہوا۔