قومی ٹیم کی حالیہ ناقص کارکردگی، ہوم میچز کے نشریاتی حقوق ریزو پرائس سے آدھی قیمت پر فروخت

ریزرو پرائس 60 کروڑ رکھی گئی تھی ، آئرلینڈ و سری لنکا سے میچز میں شائقین کی کم دلچسپی بھی بڈنگ میں عدم شرکت کی وجہ بنی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 3 اکتوبر 2026 11:36

قومی ٹیم کی حالیہ ناقص کارکردگی، ہوم میچز کے نشریاتی حقوق ریزو پرائس ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 3 اکتوبر 2026ء ) ہوم میچز کے نشریاتی حقوق 35 کروڑ روپے میں فروخت کر دیے گئے، واحد بڈر سرکاری ٹی وی کامیاب رہا، ریزرو پرائس 60 کروڑ روپے رکھی گئی تھی، حالیہ معاہدے میں 25 میچز شامل ہیں۔ 
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق پی سی بی نے چند روز قبل ہوم میچز کیلئے ٹینڈر جاری کیا تھا، اس کی ریزرو پرائس 60 کروڑ روپے رکھی گئی، اب واحد بڈر سرکاری ٹی وی نے حقوق حاصل کر لیے ہیں۔

 
ان دنوں 3 بڑے براڈکاسٹرز پر کرکٹ بورڈ کی بڑی رقم واجب الادا ہے، گو کہ انہیں بڈنگ سے نہیں روکا گیا لیکن وہ ازخود شریک نہ ہوئے، پاکستان کرکٹ کے بیشتر حقوق حاصل کرنے والی ایک کمپنی نے بھی عدم دلچسپی کا مظاہرہ کیا، قومی ٹیم کی حالیہ ناقص کارکردگی کے ساتھ آئرلینڈ اور سری لنکا سے میچز میں شائقین کی کم دلچسپی بھی بڈنگ میں عدم شرکت کی وجہ بنی۔

(جاری ہے)

 
اس بار پی سی بی نے کنسورشیم کی اجازت بھی نہیں دی تھی، پی ایس ایل میں پہلے ہی اس حوالے سے پابندی لگائی جا چکی ہے۔ 
حالیہ معاہدے میں 25 میچز، 5 ٹیسٹ، 14 ون ڈے انٹرنیشنل اور 6 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل شامل ہیں، رواں ماہ سری لنکا سے تین ٹی ٹونٹی ہوں گے، پھر انگلینڈ کی شمولیت سے ٹرائی اینگولر ون ڈے سیریز کے 7 میچز کھیلے جائیں گے۔ 
آئندہ ماہ سری لنکا سے 2 ٹیسٹ ہوں گے، جنوری 2027ء میں آئرلینڈ سے 3 ٹی ٹونٹی شیڈول کا حصہ ہیں، پھر زمبابوے کی شمولیت سے ٹرائی ایبنگولر ون ڈے سیریز کے 7 میچز ہوں گے۔

 
فروری میں آئرش ٹیم سے واحد ٹیسٹ ہوگا، فروری، مارچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 2 ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ 
بعض رپورٹس کے مطابق زمبابوے نے کمرشل وجوہات کی بنا پر دورے سے انکار کر دیا ہے، اس لیے ٹرائی اینگولر سیریز نہیں ہو سکے گی، اسی طرح آئرلینڈ سے واحد ٹیسٹ بھی نہیں ہوگا، البتہ پی سی بی کی جانب سے تاحال تصدیق نہیں کی گئی ہے۔