پارلیمنٹ ہاﺅس: حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور

خلوص نیت سے مذاکرات کر رہے ہیں، دیکھتے ہیں کیا نتیجہ نکلتا ہے.امیر مقام‘ملک میں انصاف، آئین اورقانون کی مکمل بحالی چاہتے ہیں. سلمان اکرم راجہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 3 اکتوبر 2026 16:34

پارلیمنٹ ہاﺅس: حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔03 اکتوبر ۔2026 ) حکومت اوراپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور کے لیے حکومتی اور اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ ہاﺅس پہنچ گئے ہیں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ہونے والے مذاکرات کی میزبانی اور صدارت کریں گے مسلم لیگ نون، پیپلز پارٹی اور اپوزیشن کے وفود مذاکرات میں حصہ لیں گے.

(جاری ہے)

مذاکرات میں شرکت کے لیے حکومتی ٹیم کے وفاقی وزیر امیر مقام، سینیٹر شیری رحمان، رانا ثنا اللہ، نوید قمر اور اعجاز جکھرانی جبکہ پی ٹی آئی کے سلمان اکرم راجہ اور عامر ڈوگر بھی پارلیمنٹ ہاﺅس پہنچ گئے ہیں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ ہم ملک میں انصاف، آئین اور قانون کی مکمل بحالی چاہتے ہیں‘ سابق وزیراعظم عمران خان کی صحت پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو سکتا، ہمارا آج بھی مطالبہ ہے کہ انہیں عدالتی احکامات کے مطابق علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا جائے.

وفاقی وزیر امیر مقام نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم خلوص نیت سے مذاکرات کر رہے ہیں، دیکھتے ہیں کیا نتیجہ نکلتا ہے جبکہ سینیٹر شیری رحمان کا کہنا تھا ہماری کوشش ہے کہ جمہوری انداز میں معاملے کا حل نکلے، امید پر دنیا قائم ہے، پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے مذاکرات کی تجویز پیش کی اور پھر یہ سلسلہ شروع ہوا. شیری رحمان کا کہنا تھا سوشل میڈیا پر دیئے گئے بیانات پر فی الحال کوئی ردعمل نہیں دے سکتی، مذاکرات کی میز پر اسپیس کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ معاملات کو زیر غور لایا جائے، اپنی پارٹی پوزیشن پر ہر کوئی بات کرسکتا ہے مگر مذاکرات سے متعلق کوئی بات نہیں کرسکتا.