لانگ مارچ لکی مروت سے کرک پہنچ گیا، سہیل آفریدی کی ہیلی کاپٹر سے انٹری

پیر 5 اکتوبر 2026 14:33

لانگ مارچ لکی مروت سے کرک پہنچ گیا، سہیل آفریدی کی ہیلی کاپٹر سے انٹری
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2026ء) تحریک انصاف کا لانگ مارچ لکی مروت سے کرک پہنچ گیا، سہیل آفریدی کی زیر قیادت مارچ میں جنید اکبر سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔بنوں اورکرک کی سرحد پر واقع ختم نبوت چوک میں لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ یہ ٹیسٹ میچ ہے، دو دن بعد اسے ٹی ٹوئنٹی میچ بنائیں گے، یہ جنگ صرف پشتونوں کی نہیں پورے پاکستان کی جنگ ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ میرے لیڈر نے امریکا اور میں نے بند کمروں کے فیصلہ سازوں کو ایبسلوٹلی ناٹ کہا، گزشتہ شام بانی پی ٹی آئی اور پشتونوں کے وزیراعلیٰ نے ملٹری آپریشنز اور ڈرون اٹیکس کو ایبسلوٹلی ناٹ کہا ہے، اب خیبر پختونخوا کے عوام کے فیصلے صوبے میں ہی ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ہم بار بار کہتے ہیں کہ 22 سال سے جو پالیسی آپ نافذ کر رہے ہیں اس سے دہشت گردی بڑھ رہی ہے، ہم نے امن صرف بانی پی ٹی آئی کے ساڑھے تین سالوں میں دیکھا ہے، ہم ہراس پالیسی کو ایبسلوٹلی ناٹ کہیں گے جو عوام کے حق میں نہیں ہوگی۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ میرے پاس بندوقیں نہیں صرف عوامی طاقت ہے، ساؤتھ ریجن کے عوام نے ہر اس پالیسی کو مسترد کیا جو ان کے حق میں نہیں، پوری قوم چاہتی ہے بانی پی ٹی آئی باہر آئیں اور ملک کی قیادت سنبھالیں۔ادھر وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایکس پر پیغام میں لکھا کہ وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے لانگ مارچ میں شرکت کے لیے سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کیا، پشاور سے لکی مروت تک سہیل آفریدی کا ہیلی کاپٹر پر سفر غالباً سرکاری امور کے لیے تھا۔