گورنمنٹ فرنٹیئر کالج فار ویمن پشاور میں عالمی یوم اساتذہ کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

پیر 5 اکتوبر 2026 18:19

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2026ء) عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر گورنمنٹ فرنٹیئر کالج فار ویمن پشاور میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔پیر کو محکمہ اطلاعات خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق تقریب کا اہتمام نظامت امور نوجوانان خیبرپختونخوا کے تعاون سے ’’دی نیٹوِز ‘‘ نے کیا تھا۔ تقریب کا مقصد قوم کی تعمیر و ترقی اور نوجوان نسل کی کردار سازی میں اساتذہ کے گراں قدر کردار کو خراج تحسین پیش کرنا تھا۔

تقریب میں خیبرپختونخوا کے نئے ضم شدہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے 200 نوجوانوں سمیت تقریباً 350 نوجوانوں نے شرکت کی۔تقریب کے مہمان خصوصی سابق چیئرمین کونسل آف اسلامک آئیڈیالوجی پروفیسر ڈاکٹر قبلہ ایاز تھے جبکہ پروفیسر ڈاکٹر شاہین عمر، پرنسپل گورنمنٹ فرنٹیئر کالج فار ویمن پشاور علینہ غنی، پرنسپل زریاب کالج پشاور پروفیسر ڈاکٹر ایم اسحاق، پرنسپل سپیریئر سائنس کالج پشاور سمیت سول سوسائٹی، سرکاری محکموں اور شعبہ تعلیم سے وابستہ دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر قبلہ ایاز نے اسلام اور معاشرے میں اساتذہ کے بلند مقام کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ قوم کے حقیقی معمار ہیں جو نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ معاشرے میں امن، برداشت اور علم کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اساتذہ کے کردار کو ناقابلِ فراموش قرار دیتے ہوئے نظامت امور نوجوانان خیبرپختونخوا کی جانب سے عالمی یوم اساتذہ کے حوالے سے تقریب کے انعقاد کو سراہا۔

تقریب سے دیگر مقررین اور کالجوں کے سربراہان نے بھی خطاب کرتے ہوئے اساتذہ برادری کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور معاشرے میں اساتذہ کے وقار اور احترام کو بحال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر تعلیمی شعبے میں گراں قدر خدمات اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ میں اعزازی شیلڈز تقسیم کی گئیں، جبکہ مختلف سرگرمیوں میں حصہ لینے والے 25 نوجوانوں میں نقد انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔تقریب کے اختتام پر تمام مہمانوں، شرکاء اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا گیا۔