قلات ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفرازبگٹی کے خصوصی احکامات

منگل 6 اکتوبر 2026 20:47

قلات ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفرازبگٹی کے خصوصی احکامات
قلات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اکتوبر2026ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے خصوصی احکامات پر ضلع قلات میں بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ (BEEF) اسکالرشپس کے حوالے سے آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔آگاہی سیشن ڈپٹی کمشنر قلات انجینئر عائشہ زہری کی سربراہی میں منعقد ہوا، جس میں محکمہ تعلیم قلات و خالق آباد کے افسران، مختلف کالجز کے پرنسپلز، اسکولوں کے ہیڈ ماسٹرز و ہیڈ مسٹریسز سمیت طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

سیشن کے دوران BEEF کی آن لائن کوئٹہ ٹیم نے ویڈیو لنک کے ذریعے ڈپٹی کمشنر قلات اور محکمہ تعلیم کے افسران کو ضلع قلات میں گزشتہ دس سال کے دوران BEEF اسکالرشپس سے مستفید ہونے والے طلباء و طالبات کی تعداد ڈسٹرکٹ کے ٹاپرز اور اسکالرشپس کی تفصیلات سے متعلق بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

BEEF اسکالرشپ کی آن لائن ٹیم نے طلباء و طالبات کو اسکالرشپ کے معیار، درخواست جمع کرانے کے طریقہ کار، اہلیت، اقلیتی اور خصوصی افراد کے لیے مختص اسکالرشپ کوٹہ سمیت دیگر اہم امور کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قلات انجینئر عائشہ زہری نے کہا کہ تعلیم نوجوان نسل کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے، اور حکومت بلوچستان مستحق اور باصلاحیت طلباء و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے۔ BEEF اسکالرشپ پروگرام کا مقصد مالی مشکلات کے باعث تعلیم سے محروم ہونے والے باصلاحیت طلباء و طالبات کو تعلیمی مواقع فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ طلباء و طالبات BEEF اسکالرشپس کے معیار اور درخواست دینے کے طریقہ کار کو سمجھتے ہوئے بروقت درخواستیں جمع کرائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق طلباء اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے محکمہ تعلیم کے افسران، اساتذہ اور تعلیمی اداروں کے سربراہان پر زور دیا کہ وہ BEEF اسکالرشپس کے حوالے سے طلباء و طالبات میں بھرپور آگاہی پیدا کریں اور انہیں درخواست کے عمل میں رہنمائی فراہم کریں۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ضلع قلات کے طلباء و طالبات میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، انہیں تعلیمی مواقع اور مناسب رہنمائی فراہم کرکے وہ ملک و صوبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔