لاہورمیوزیم کی بحالی کا منصوبہ 6ارب 59کروڑ روپے میں منظور

منگل 6 اکتوبر 2026 21:06

لاہورمیوزیم کی بحالی کا منصوبہ 6ارب 59کروڑ روپے میں منظور
ْلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2026ء) لاہور میوزیم کی بحالی اور اپ گریڈیشن کا نظرثانی شدہ منصوبہ تقریباً 6ارب 59کروڑ روپے میں منظور کرلیا گیا، ستمبر 2025ء کی منظوری کے مقابلے میں منصوبے کی لاگت میں تقریباً 2ارب 20کروڑ روپے کا اضافہ ہوگیا۔منصوبے کی منظور شدہ لاگت 4ارب 39کروڑ روپے سے بڑھ کر 6ارب 59 کروڑ روپے ہوگئی، محکمہ سیاحت نے نظرثانی شدہ منصوبے کے لئے 7ارب 2 کروڑ روپے کی منظوری مانگی تھی۔

لاہور میوزیم کی بحالی کا نظرثانی شدہ منصوبہ جون 2030ء تک مکمل کرنے کی منظوری دی گئی ہے، منصوبے پر عمل درآمد سے پہلے یونیسکو کی رائے لینے کی شرط بھی عائد کردی گئی۔اسلامک، انڈس اور گندھارا گیلریوں میں یونیسکو کے تجویز کردہ میزانائن فلور منصوبے سے نکال دیئے گئے، محکمہ سیاحت کے مطابق میزانائن فلور 1929ء کے لے آئوٹ کے تناسب سے بصری مطابقت نہیں رکھتے۔

(جاری ہے)

میوزیم کی مرکزی عمارت کے تحفظ اور بحالی کے کاموں کے لئے تقریباً 3ارب 28کروڑ روپے منظور کئے گئے ہیں، نئے مشرقی اور مغربی بلاکس کے لئے تقریباً ایک ارب 7کروڑ روپے مختص کئے گئے۔فرنیچر کا تخمینہ 39کروڑ 91لاکھ روپے جبکہ پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کا تخمینہ 15کروڑ 74لاکھ روپے رکھا گیا ہے۔کنسلٹنٹس کے لئے اصل اخراجات سے زیادہ رقم رکھنے پر تخمینے درست کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، میوزیالوجی کنسلٹنسی کے لئے 6کروڑ 30لاکھ روپے رکھے گئے جبکہ اصل خرچ 5کروڑ 42 لاکھ روپے بتایا گیا ہے۔

میوزیم کنزرویشن کنسلٹنسی کے لئے 10کروڑ روپے رکھے گئے، اصل خرچ 8کروڑ 70لاکھ روپے بتایا گیا ہے، دونوں خصوصی کنسلٹنسی مدات میں اصل اخراجات سے تقریباً 2کروڑ 18 لاکھ روپے زیادہ رکھے گئے تھے۔نئے بلاکس اور موجودہ عمارت میں فرنیچر، آلات اور دیگر سہولتوں کی ممکنہ دہرائی ختم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، موجودہ سرکاری کنٹینرز استعمال کرنے یا ٹھیکیدار کے ذریعے ضرورت پوری کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

درآمدی اشیاء ، فرنیچر، آلات اور کنسلٹنسی اخراجات کا دوبارہ جائزہ لینے کا حکم دیا گیا ہے۔منصوبے کے لئے 4گاڑیوں کی تقریباً 3کروڑ 58لاکھ روپے میں منظوری دی گئی، منظور شدہ گاڑیوں میں 2ہائبرڈ گاڑیاں، ایک وین اور ایک الیکٹرک کارٹ شامل ہیں۔منصوبے کے لئے 13اسامیوں اور 4گاڑیوں کی منظوری بھی دی گئی، تاریخی عمارت کا استحکام یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔میوزیم کی مستقل دیکھ بھال کیلئے پائیدار کاروباری ماڈل بنانے اور متعلقہ محکموں کے این او سیز حاصل کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :