Live Updates

سعودی عرب میں مقیم پاکستانی ڈرون حملوں کی تصاویر، ویڈیوز اور غیر مصدقہ اطلاعات شیئر نہ کریں، حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

منگل 6 اکتوبر 2026 20:34

سعودی عرب میں مقیم پاکستانی ڈرون حملوں کی تصاویر، ویڈیوز اور غیر مصدقہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2026ء) چیئرمین پاکستان علماء کونسل، سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل تعظیمِ حرمین شریفین کونسل اور کوآرڈینیٹر وزیراعظم پاکستان حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں سے اپیل کی ہے کہ موجودہ حساس صورتحال میں ذمہ داری اور احتیاط کا مظاہرہ کرتے ہوئے حوثی باغیوں کے ڈرون و میزائل حملوں، انہیں ناکام بنانے کی کارروائیوں، ملبے، سکیورٹی تنصیبات یا حساس مقامات کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر نہ کریں۔

اپنے ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی سعودی وزارتِ داخلہ اور متعلقہ حکام کی ہدایات اور مملکت کے قوانین کی مکمل پابندی کرے، غیر مصدقہ خبروں اور افواہوں کو آگے بڑھانے، حساس مقامات یا واقعات کی معلومات شیئر کرنے اور ایسے تبصرے کرنے سے گریز کیا جائے جو سعودی قوانین یا سکیورٹی ہدایات کے منافی ہوں۔

(جاری ہے)

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ موجودہ حالات میں سوشل میڈیا کا غیر ذمہ دارانہ استعمال خوف و ہراس اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتا ہے، کسی بھی واقعہ سے متعلق معلومات کے لئے صرف سعودی عرب کے سرکاری اور مستند ذرائع پر اعتماد کیا جائے۔

انہوں نے سعودی عرب میں موجود پاکستانی علماء، کمیونٹی رہنماؤں اور سماجی تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ وہ یہ پیغام پاکستانی برادری تک پہنچائیں اور امن و سلامتی کے حوالے سے سعودی حکام کے ساتھ مکمل تعاون کریں،سعودی عرب ہمارا برادر ملک اور ارضِ حرمین شریفین ہے، اس کے قوانین کا احترام، امن و سلامتی کے تقاضوں کی پابندی اور موجودہ حالات میں ذمہ دارانہ طرزِ عمل ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے۔
Live سعودی عرب سے متعلق تازہ ترین معلومات