اپنی چھت اپنا گھر تختیوں کی سیاست نہیں بلکہ عوام کو اپنی چھت فراہم کرنے کا عملی منصوبہ ہے،عظمیٰ بخاری

منگل 6 اکتوبر 2026 22:19

اپنی چھت اپنا گھر تختیوں کی سیاست نہیں بلکہ عوام کو اپنی چھت فراہم کرنے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اکتوبر2026ء) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے تحریک انصاف کے مبینہ پروپیگنڈے کا جواب دیتے ہوئے پنجاب حکومت کے اپنی چھت اپنا گھر منصوبے کے تحت گھر حاصل کرنے والے خاندانوں کی لائیو ویڈیوز سامنے لے آئیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بہت جہالت دکھا لی، اب ذرا حقیقت بھی جان لیں، یہ وہ خاندان ہیں جن کے سامنے کسی سیاسی جماعت کی تختی نہیں بلکہ ایک عام پاکستانی خاندان کا خواب حقیقت بن کر کھڑا ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے سوال اٹھایا کہ اگر یہ صرف تحریک انصاف کے دور میں بننے والے گھر تھے تو پھر 2 لاکھ 14 ہزار 302 بلاسود قرضے کس نے جاری کیی 278 ارب 46 کروڑ روپے سے زائد بلاسود قرضوں کی رقم کس نے فراہم کی اور ایک لاکھ 20 ہزار 753 گھر مکمل کیسے ہوئی عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ 60 ہزار 464 گھر آج بھی تعمیر کے مرحلے میں ہیں، جس سے منصوبے کے جاری رہنے کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کے گھروں کو اپنی سیاسی ملکیت ثابت کرنے کی کوشش شاید سوشل میڈیا پر چل جائے، تاہم ان گھروں میں رہنے والے اصل مستحقین کی گواہی کو جھٹلایا نہیں جا سکتا۔ان کا کہنا تھا کہ اپنی چھت اپنا گھر تختیوں کی سیاست نہیں بلکہ عوام کو اپنی چھت فراہم کرنے کا عملی منصوبہ ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جن کے پاس دکھانے کے لیے کارکردگی نہیں ہوتی، وہ دوسروں کے بنے گھروں کی کہانیاں گھڑتے ہیں، پروپیگنڈا جتنا مرضی کیا جائے، گھر آخر گھر ہی ہوتا ہے اور گھر کی چابی جس خاندان کے ہاتھ میں ہو، اصل گواہی بھی اسی کی ہوتی ہے۔