ْکسی کو سنے بغیر اسکا سیلز ٹیکس نمبر بند کرنا آئین کی سنگین خلاف ورزی ہے‘ لاہورہائیکورٹ

جمعہ 9 اکتوبر 2026 16:56

ْکسی کو سنے بغیر اسکا سیلز ٹیکس نمبر بند کرنا آئین کی سنگین خلاف ورزی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2026ء) لاہور ہائیکورٹ نے ٹیکسٹائل ملز کی بلیک لسٹنگ کا حکم کالعدم قرار دیتے ہوئے سیلز ٹیکس نمبر اور رجسٹریشن فوری بحال کرنے کی ہدایت کردی،عدالت نے ایف بی آر کی اپیل خارج کرتے ہوئے اپیلٹ ٹربیونل کا فیصلہ برقرار رکھا۔جسٹس حسن نواز مخدوم اور جسٹس محمد اجمل زاہد نے عدالتی نظیر پر مشتمل فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا کہ کسی کو سنے بغیر اس کا سیلز ٹیکس نمبر بند کرنا آئین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

محض شک یا الزام کی بنیاد پر کسی شہری یا ادارے کو بلیک لسٹ کرکے اس کا کاروبار بند نہیں کیا جا سکتا۔عدالت نے فیصلے میں واضح کیا کہ ٹیکس فراڈ کا الزام ثابت کرنے کے لیے ٹھوس شواہد ضروری ہیں اور ٹیکس حکام قانون کے پابند ہیں، انہیں من مانے اقدامات کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

(جاری ہے)

سیلز ٹیکس نمبر معطل ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ قانونی تقاضے پورے کیے بغیر کسی کاروبار کو بلیک لسٹ کردیا جائے۔

فیصلے کے مطابق آئین ہر شہری کو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کاروبار کرنے کی ضمانت دیتا ہے، جبکہ محض الزامات کی بنیاد پر کسی شہری یا ادارے کے کاروباری حقوق متاثر نہیں کیے جا سکتے۔لاہور ہائیکورٹ نے مزید قرار دیا کہ انصاف کے حصول کے لیے اپیلٹ ٹربیونل میں نئے قانونی نکات اٹھانا قانونی عمل ہے۔ ہائیکورٹ اپیل کی سماعت کے دوران قانونی نکات کا جائزہ لے سکتی ہے، تاہم حقائق کا ازسرنو جائزہ نہیں لیا جاتا۔ عدالت نے فیصلے کی نقل متعلقہ اپیلٹ ٹربیونل کو بھجوانے کی بھی ہدایت کردی۔