ٹی او آرز پر عمل نہ کرنے والے ایمیننس سکولوں کا لائسنس کینسل کر دیا جائے گا‘وزیرتعلیم

جمعہ 9 اکتوبر 2026 17:23

ٹی او آرز پر عمل نہ کرنے والے ایمیننس سکولوں کا لائسنس کینسل کر دیا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2026ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی زیر صدارت نواز شریف سکول آف ایمیننس فیز 2کے لائسینسز کا اجلاس منعقد ہوا جس میں انہوں نے محکمہ تعلیم کی مانیٹرنگ ٹیم کی سکول وزٹ رپورٹس کے تناظر میں بعض لائسنس ہولڈرز کی سرزنش کی اور سکول آف ایمیننس میں معیار پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کا واضح موقف اپنایا۔

وزیر تعلیم نے تمام لائسنسسیز کو وضع کردہ قواعد و ضوابط کے مطابق انفراسٹرکچر سو فیصد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹی او آرز پر عمل نہ کرنے والے سکولوں کا لائسنس کینسل کر دیا جائے گا۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ سکول آف ایمیننس کو حکومتی تعلیمی ویژن کے عین مطابق سٹیٹ آف دی آرٹ پراجیکٹ بنایا جائے اور سٹیک ہولڈرز کو بروقت ادائیگیاں یقینی بنائی جائیں گی۔

(جاری ہے)

وزیر تعلیم نے ایمیننس سکول مالکان کو بچوں کی حاضری چیکنگ کیلئے فیشل ریکیگنیشن کیمرے لگانے اور پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کو مانیٹرنگ روم بنانے کی بھی ہدایت کی۔ رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ ایمیننس سکول بیکن ہاوس اور ایل جی ایس جیسے ادارے ایفورڈ کرنے والوں کیلئے نہیں بنائے گئے۔ یہ پراجیکٹ غریب بچوں کیلئے ہے۔ آج نجی سیکٹر بھی ایمیننس ماڈل کی وجہ سے پریشان اور سر جوڑ کر بیٹھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سمارٹ سلیبس کی طرف بڑھ چکے ہیں، نئے سلیبس کو 35فیصد ری پروڈیوس کیا گیا ہے۔ پہلی سے پانچویں کلاس تک کی درسی کتب فروری تک سکولوں کو مہیا کر دی جائیں گی۔ وزیر تعلیم نے لائسنس ہولڈرز کے مسائل کے حل کیلئے سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مربوط سکول پالیسی بنانے کا بھی عندیہ دیا۔