سہیل آفریدی کا شارٹ مارچ دہشتگرد تنظیموں کے حق میں ہے‘ عظمیٰ بخاری

پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کو ایک مسخرے کنٹینر باز نے یرغمال بنایا ہوا ہے‘وزیر اطلاعات پنجاب

جمعہ 9 اکتوبر 2026 14:10

سہیل آفریدی کا شارٹ مارچ دہشتگرد تنظیموں کے حق میں ہے‘ عظمیٰ بخاری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2026ء) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ سہیل آفریدی کا لانگ مارچ شارٹ ٹرم مارچ میں تبدیل ہوچکا، یہ مارچ دہشت گرد تنظیموں کے حق میں ہو رہا ہے۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ خیبرپختونخوا میں ایک طرف دہشت گردی ہو رہی دوسری طرف سہیل آفریدی کنٹینر پر چڑھے ہیں، خیبرپختونخوا پورا صوبہ غیر محفوظ ہے لیکن سڑکوں پر دندناتا مارچ مکمل محفوظ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی کا لانگ مارچ شارٹ ٹرم مارچ میں تبدیل ہوچکا ہے، مارچ نہ بانی پی ٹی آئی کے حق میں ہے نہ پختون عوام کے حق میں ہے، ان کا شارٹ ٹرم مارچ دہشت گرد تنظیموں کے حق میں ہو رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کو ایک مسخرے کنٹینر باز نے یرغمال بنایا ہوا ہے، ایک مسخرہ کنٹینر پر کھڑے ہو کر انہی فورسز کا مذاق اڑا رہا اور دہشت گردوں کیلئے نرم گوشہ استعمال کرتا ہے، سکیورٹی فورسز صوبے کی عوام کے تحفظ کیلئے اپنی جانیں قربان کر رہی ہیں، خیبرپختونخوا سب سے زیادہ دہشت گردی سے متاثرہ صوبہ ہے۔

(جاری ہے)

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ اس صوبے کی پولیس اور لوگوں کی دہشت گردی کیخلاف قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، کے پی کے لوگ خود ڈیمانڈ کر رہے ان کی پی ٹی آئی اور نالائق ٹولے سے جان چھڑائی جائے، عوام کے مسترد کئے جانے کے بعد اے آئی سے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر ڈالی جا رہی ہیں۔