Live Updates

پاکستان علماء کونسل اور انٹرنیشنل تعظیمِ حرمین شریفین کونسل کے قائدین کی ابہا اور ریاض کے شہری ہوائی اڈوں پر حوثی باغیوں کے حملوں کی شدید مذمت

جمعہ 9 اکتوبر 2026 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2026ء) پاکستان علماء کونسل اور انٹرنیشنل تعظیمِ حرمین شریفین کونسل کے قائدین نے جمعہ کے روز ابہا اور ریاض کے شہری ہوائی اڈوں پر حوثی باغیوں کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مملکت سعودی عرب کے خلاف حوثی جارحیت روکنے کے لئے عالمی سطح پر مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین و انٹرنیشنل تعظیمِ حرمین شریفین کونسل کے سیکرٹری جنرل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، مولانا نعمان حاشر، مولانا محمد شفیع قاسمی، مولانا انوارالحق مجاہد، علامہ طاہر الحسن، حافظ مقبول احمد، مولانا امین الحسن قاسمی، مولانا سید محمد افضل شاہ، مولانا ذوالفقار احمد، مولانا مفتی مبشر احمد نظامی، مولانا عبدالمتین قاسمی اور مولانا اسد زکریا نے اپنے مشترکہ بیان میں شہری ہوائی اڈوں کو نشانہ بنانے والے حملوں کو کھلی دہشت گردی قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان حملوں کے نتیجے میں بے گناہ انسانی جانوں کا ضیاع اور تعلیمی و طبی مراکز کو پہنچنے والا نقصان ناقابلِ قبول ہے، مسافروں، بچوں اور مریضوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنا انتہائی بزدلانہ اقدام ہے جبکہ شہریوں اور اہم عوامی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لئے کسی سیاسی یا مذہبی جواز کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔مذہبی رہنماؤں نے کہا کہ دہشت گردی اور جارحیت کی ایسی کارروائیوں کے خلاف پورا عالمِ اسلام مملکت سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

انہوں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ حرمین شریفین کی حرمت، مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ کا تقدس اور ارضِ حرمین شریفین کا امن بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مملکت سعودی عرب کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش قابلِ مذمت ہے۔ سعودی عرب کو اپنی سرزمین، شہریوں، مقیم افراد اور زائرین کے تحفظ کا مکمل حق حاصل ہے اور وہ اپنے جائز دفاعی اقدامات کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔

قائدین نے اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ محض رسمی مذمت تک محدود نہ رہیں بلکہ حوثی جارحیت روکنے، حملوں کے ذمہ داروں کا احتساب کرنے اور ایسے حملوں کے لیے اسلحہ و وسائل فراہم کرنے والے نیٹ ورکس کے خلاف مؤثر اقدامات کریں۔انہوں نے واضح کیا کہ ان کا مؤقف کسی مسلک کے خلاف نہیں بلکہ دہشت گردی اور جارحیت کے خلاف ایک دوٹوک اور اصولی مؤقف ہے۔مذہبی رہنماؤں نے حملوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلِخانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا، زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی اور مملکت سعودی عرب سمیت پورے خطے میں امن و سلامتی کے قیام کے لئے دعا کی۔
Live سعودی عرب سے متعلق تازہ ترین معلومات