سعودی عرب کے مفتی اعظم اور علماء بورڈ نے 47 دہشت گردوں کی سزاوٴں کو اسلامی شرعی قصاص قرار دے دیا

پیر 4 جنوری 2016 09:38

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4جنوری۔2016ء) سعودی عرب کے مفتی اعظم اور علماء بورڈ کے چیئرمین الشیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ نے 47 دہشت گردوں کو دی گئی موت کی سزاوٴں کو اسلامی شرعی قصاص قرار دیتے ہوئے کتاب وسنت کے مطابق برحق قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب مصر کی سب سے بڑی دینی درسگاہ جامعہ الازھر کے علماء نے بھی سعودی عرب میں دی گئی سزاوٴں کی حمایت کرتے ہوئے انہیں حدود اللہ کا نفاذ قرار دیا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق اپنے ایک ٹی وی بیان میں مفتی اعظم سعودی عرب الشیخ آل الشیخ نے کہا کہ دہشت گردوں کو دی گئی موت کی سزائیں عین شریعت کے مطابق اور قصاص فی الاسلام کے تحت آتی ہیں۔ قصاص اللہ کے بندوں کے لیے باعث رحمت ہے کیونکہ اس سزا کے نفاذ سے ملک میں افراتفری، انارکی اور فساد فی الارض کی روک تھام میں مدد ملتی ہے۔