کراچی آپریشن میں عوام کا بھرپور تعاون رہاہے، منطقی انجام تک پہنچا کرہی دم لیں گے، ڈی جی رینجرز سندھ

اتوار 17 جنوری 2016 03:54

کرا چی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 17جنوری۔2016ء)ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبرنے کہاہے کہ کراچی آپریشن میں عوام کا بھرپور تعاون رہاہے اور اسے منطقی انجام تک پہنچا کرہی دم لیں گے۔سینیٹر شاہی سید کی زیر قیادت پختون جرگے نے رینجرز ہیڈ کوارٹر کراچی میں میجر جنرل بلال اکبر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈپٹی ڈائریکٹر سندھ رینجرز، سیکٹر کمانڈزز اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران جرگے کے 100 رکنی وفد نے رینجرز کے امن و عامہ کے قیام میں کردار کو سراہا۔ملاقات کے دوران ڈی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن و امان میں جہاں رینجرز کا کردار ہے وہیں عوام نے بھی بھرپور ساتھ دیا۔ شہری جرائم میں ملوث عناصر کی نشان دہی ہیلپ لائن پر کررہے ہیں جس کے مثبت نتائج حاصل ہوئے ہیں اور اب عوام کا تعاون مزید بڑھ رہا ہے۔ عوام کی مدد سے ہی ٹارگٹ کلرز، بھتہ خوروں اور دیگر جرائم میں ملوث افراد کے خلاف بھرپور کارروائی کی گئی۔ کراچی آپریشن بلا امتیاز رنگ و نسل کیا جارہا ہے اور اسے منطقی انجام تک پہنچا کر ہی دم لیں گے۔