توانائی بحران 2018 تک ختم ہو جائے گا،حمزہ شہباز ، عمران خان کے دھاندلی کے الزامات تین عدالتوں نے مسترد کر دیئے، مسلم لیگ کی حکومت کو ختم کرنے کی سازش کو عوام سمندر میں غرق کردینگے،کنٹینروں پر بیٹھ کر دعوے کرنے سے کوئی بڑا لیڈر نہیں بنتا،از شریف نے پرویز مشرف سے ڈیل کرنے پر اپنے والد کی میت کو کندھا نہ دینا منظور کر لیا تھا،وزیرآباد میں سٹیڈیم دے چکے ہیں اب علی پور چٹھہ میں سٹیڈیم تعمیر کرینگے، این اے 101کے ضمنی الیکشن کے سلسلہ میں جلسہ عام سے خطاب

پیر 21 مارچ 2016 10:07

وزیرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 21مارچ۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن پارلیمنٹ حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پاکستان میں توانائی کا موجودہ بحران 2018 تک ختم ہو جائے گا۔ عمران خان کے دھاندلی کے الزامات تین عدالتوں نے مسترد کر دیئے۔ مسلم لیگ کی حکومت کو ختم کرنے کی سازش کو عوام سمندر میں غرق کردینگے۔کنٹینروں پر بیٹھ کر دعوے کرنے سے کوئی بڑا لیڈر نہیں بنتا۔

میاں نواز شریف نے پرویز مشرف سے ڈیل کرنے پر اپنے والد کی میت کو کندھا نہ دینا منظور کر لیا تھا۔وزیرآباد میں سٹیڈیم دے چکے ہیں اب علی پور چٹھہ میں سٹیڈیم تعمیر کرینگے۔وہ یہاں حلقہ این اے 101کے ضمنی الیکشن کے سلسلہ میں ایم سی ہائی سکول کی گراؤنڈ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ایم این اے محمود بشیر ورک، ایم این اے شازیہ مٹو، ایم پی اے نارو وال خواجہ وسیم، ایم پی اے توفیق احمد بٹ، ایم پی اے محمد اقبال گوجر، اعجاز احمد پرویا، میر ماجد علی سالار، میر ایاز احمد اورڈاکٹر کاشف اشرف بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران خان حسب معمولی جھوٹ بول رہے ہیں اور کرپشن اور دھاندلی جیسے الزامات لگاتے ہیں جبکہ مشرف دور میں چیئرمین نیب 8سال میں بھی شریف فیمیلی کے خلاف کوئی ثبوت نہ لا سکے تھے۔ان کے دھاندلی کے الزامات بھی تین عدالتیں مسترد کر چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان مسلم لیگ کی حکومت کو ختم کرنے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں لیکن عوام ان کی سازش کو دفن کر دینگے ۔

انہوں نے کہا کہ بڑے بڑے دعوے کرنے سے کو ئی بڑا لیڈر نہیں بن جاتا بلکہ لیڈر بننے کے لئے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر نا پڑتی ہیں اور اڈیالہ جیل جانا پڑتا ہے جبکہ عمران خان کبھی تھانے بھی نہیں گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے اپنے والد کی میت کو جدہ سے ہی الوداع کہہ دیا تھا اور والد کی میت کو کاندھا دینے کے لئے پرویز مشرف سے ڈیل نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جو ایک بڑی قربانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے تمام دعوے غلط ہیں۔ وہ نواز شریف کی ٹانگیں کھینچ رہے ہیں جو پاکستان کی ٹانگیں کھینچنے کے مترادف ہے لیکن پاکستان کے عوام ایسے عمران خان کو سمندر میں غرق کردینگے ۔انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف پاکستان کو قائد اعظم کا پاکستان بنانا چاہتے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں توانائی کا بحران 2018تک ختم ہو جائے گا اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ کارڈیالوجی سنٹر کا ذکر نہیں کرینگے بلکہ جب کارڈیالوجی مکمل طور پر جنکشنل ہو جائے گا تو وزیرآباد آئینگے اور شہریوں کو خوشخبریاں دینگے ۔ اس موقع پر امیدوار افتخار احمد چیمہ، ایم پی اے شوکت منظور چیمہ، ایم پی اے اکمل سیف چٹھہ ، شاہنواز چیمہ، نوازش علی چیمہ، جوہر سرور چیمہ، عادل بخش چٹھہ، مستنصر علی گوندل نے بھی خطاب کیا۔