عمران خان نے قومی اسمبلی سے اپنے خطاب کے دوران پیپلز پارٹی کو کرپشن کے حوالے سے کلین چٹ دیدی

ماضی میں این آئی سی ایل ، رینٹل پاور اور دیگر سکینڈلزپر عمران خان نے ہمیشہ آصف زرداری سمیت پیپلزپارٹی کی قیادت کوآڑے ہاتھوں لیا، خورشیدشاہ کو وزیراعظم تک کا منشی قرادیا، ایوا ن میں اب کی ان کی تعریفیں ، پیپلزپارٹی بارے زبان خامو ش

جمعرات 19 مئی 2016 09:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19 مئی۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے قومی اسمبلی سے اپنے خطاب کے دوران پیپلز پارٹی کو کرپشن کے حوالے سے کلین چٹ دیدی، اس دور ان انہوں نے پیپلز پارٹی کے دور کی کرپشن تک کا تذکرہ نہ کیا، ماضی میں وہ جس خورشید شاہ کے خلاف انتہائی سخت لب و لہجہ اختیار کرتے تھے اب ان کی تعریف کرتے رہے۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کو قومی اسمبلی سے اپنے خطاب میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے دعویٰ کیا کہ موجودہ دور میں گزشتہ تمام ادوار سے زیادہ کرپشن ہو رہی ہے اور ملک میں سرمایہ کاری نہیں آرہی جہاں کرپشن ہوتی ہے وہاں سرمایہ کاری نہیں ہوتی ۔ میٹرو بس اورنج ٹرین اور موٹرویز جیسے منصوبے ملکی معیشت کے لئے نقصان دہ ہیں ۔

(جاری ہے)

عمران خان نے اس حوالے سے ماہرین معاشیات اور شماریات کے حوالے بھی دیئے ۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے عمران خان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر آصف علی زرداری کو ملک کا کرپٹ ترین شخص قرار دیتے رہے اور وہ ان پر کڑی تنقید کرتے رہتے تھے ۔ این آئی سی ایل سکینڈل ، رینٹل پاور اور دیگر سکینڈلز پر ہمیشہ انہوں نے پیپلز پارٹی کو آڑے ہاتھوں لیا جب کہ اپنی کئی تقاریر میں انہوں نے خورشید شاہ کو وزیر اعظم نواز شریف کا منشی بھی قرار دیا تاہم بدھ کو قومی اسمبلی سے خطاب کے دوران وہ صرف خورشید شاہ کی تعریفیں کرتے رہے اور انہیں کرپشن کے حوالے سے پیپلز پارٹی کو کلین چٹ دی ۔