ڈونلڈ ٹرمپ کا پہلا روز، واشنگٹن میں خواتین مارچ ،2لاکھ مظاہرین کا مجمع اکھٹا ہوگیا

گذشتہ انتخاب میں خواتین کی بے حرمتی ور انھیں ڈرایا دھمکایا گیا، ریلیوں کا مقصد خواتین کے حقوق کو اجاگر کرنا ہے ،منتظمین

اتوار 22 جنوری 2017 14:16

واشنگٹن( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22جنوری۔2017ء )امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف 'واشنگٹن میں خواتین مارچ' کے لیے دو لاکھ مظاہرین جمع ہوئے ۔یہ ریلی دنیا بھر میں ان 600 متوقع ریلیوں میں سے ایک تھی جو ڈونلڈ ٹرمپ کے عہدہ صدارت پر فائز ہونے کے پہلے دن نکالی گئی ہیں۔ان ریلیوں کا مقصد خواتین کے حقوق کو اجاگر کرنا ہے جن کے بارے میں مظاہرین کو خدشہ ہے کہ نئی انتظامیہ کے زیراثر ان حقوق کو خطرہ لاحق ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی صدر کی حیثیت سے پہلا قدم اٹھاتے ہوئے سابق صدر کی جانب سے ہیلتھ کیئر کے سلسلے میں کی جانے والی اصلاحات کو ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کرکے نشانہ بنایا ہے۔امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں نیشنل مال پر مظاہرین جمع ہو ئے اور بعدازاں مارچ کیا گیا ۔ان ریلیوں میں معروف فنکاروں نے بھی شرکت کی ہے جن میں کیٹی پیری، سکارلٹ جوہانسن، ایمی شمر، اممریکہ فیریرا، پیٹریشیا آرکوئیٹ اور مائیکل مور شامل ہیں۔

(جاری ہے)

امریکہ میں نیویارک سے لے کر سیاٹل تک تقریبا 300 شہروں میں ایسے مظاہرے منعقد کیے جارہے ہیں ۔واشنگٹن مارچ کے منتظیمین کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ انتخاب میں خواتین کی بے حرمتی کی گئی اور انھیں ڈرایا دھمکایا گیا۔ واشنگٹن کے خواتین مارچ میں نئی حکومت کو اس کے پہلے دن ایک سخت پیغام دیا جائے گا۔ اور دنیا کو بتایا جائے گا کہ خواتین کے حقوق انسانی حقوق ہیں۔

منتظمین کا کہنا ہے کہ اس احتجاج میں تمام اصناف، رنگ و نسل، عمر، ثقافت اور سیاسی وابستگی رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔حکام کی جانب سے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے تیاری کی گئی ہے۔ جمعے کو واشنگٹن میں ٹرمپ کی حلف برداری کے موقع پر ہونے والے مظاہروں میں مظاہرین نے کچھ دکانوں کے شیشے توڑ دیے تھے اور سرمایہ داری نظام اور نئے صدر کے خلاف جذبات کا اظہار کیا تھا۔ان مظاہروں میں پولیس کی جانب سے 200 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ چھ پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔دوسری جانب ٹرمپ مخالف مظاہرے آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور بنکاک سمیت ایشیائی اور یورپی شہروں میں بھی منعقد کیے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :