جنوبی کوریا کی سابق صدر پارک گن پر فرد جرم عائد

بدعنوانی کے الزامات کی وجہ سے ہی مواخذے کے بعد پارک گن ہے کو گذشتہ ماہ ملک کی صدارت سے برطرف کر دیا گیا تھا

منگل 18 اپریل 2017 16:45

سیول(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ اپریل ء)جنوبی کوریا کی سابق صدر پارک گن ہے پر بدعنوانی کے سکینڈل میں باقاعدہ فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔بدعنوانی کے الزامات کی وجہ سے ہی مواخذے کے بعد پارک گن ہے کو گذشتہ ماہ ملک کی صدارت سے برطرف کر دیا گیا تھا۔سرکاری وکلا نے کہا ہے کہ پارک گن پر لگائے گئے الزامات میں رشوت، جبر و زبردستی، طاقت کا ناجائز استعمال اور حکومتی راز ظاہر کرنا شامل ہیں۔

65 سالہ پارک گن ہے اس وقت زیرِ حراست ہیں اور ان پر الزام ہے کہ انھوں نے اپنی قریبی دوست چوئی سون سل کو اجازت دی کہ وہ کمپنیوں سے سیاسی فوائد کے بدلے رقم وصول کر سکیں۔دونوں خواتین بدعنوانی کے الزامات سے انکار کرتی رہی ہیں۔سابق صدر پر اس بات کا بھی الزام ہے کہ انھوں نے اپنی دوست کو خفیہ حکومتی دستاویزات تک رسائی دی تھی۔

(جاری ہے)

چوئی سن سل پر الزام ہے کہ انھوں نے صدر سے اپنے تعلقات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مختلف کمپنیوں پر دباؤ ڈالا تھا کہ وہ لاکھوں ڈالرز کے عطیات ان اداروں کو دیں جن کا انتظام چوئی سون سل کے پاس تھا۔

ان کمپنیوں میں جنوبی کوریا کی سب سے بڑی کمپنی سام سنگ بھی شامل ہے اور اس کے عبوری سربراہ لی جائے یونگ بھی زیر حراست ہیں۔پارک گن ہے کا پچھلے سال دسمبر میں کرپشن سکینڈل میں ملوث ہونے کی وجہ سے پارلیمان میں مواخذہ ہوا تھااس سال مارچ میں جنوبی کوریا کی سپریم کورٹ نے ان کے مواخذے کو درست قرار دیتے ہوئے انھیں صدر کے عہدے سے برطرف کر دیا تھا۔۔