بحرین کے 160 اشتہاری ایران میں روپوش

پناہ لینے والے 160 شدت پسندوں پر دہشت گردی کی کارروائیوں میں 25 سیکیورٹی اہلکاروں کے قتل اور تین ہزار سے زائد کو زخمی کرنے کے الزامات ہیں،بحرینی وزیر داخلہ

جمعرات 19 اکتوبر 2017 19:27

دوبئی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ اکتوبر ء)خلیجی ریاست بحرین کے حکام نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث بیسیوں عناصر کو ایران نے پناہ دے رکھی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کی کارروائیوں کی بناء پر جن لوگوں کی بحرینی شہریت منسوخ کی گئی تھی اور ان کے خلاف عدالتوں میں مقدمات چلانے کا فیصلہ کیا گیا، ان میں سے 160 دہشت گرد ایران کی پناہ میں ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ایران میں پناہ لینے والے 160 شدت پسندوں پر دہشت گردی کی کارروائیوں میں 25 سیکیورٹی اہلکاروں کے قتل اور تین ہزار سے زاید کو زخمی کرنے کے الزامات ہیں۔ یہ تمام عناصر بحرین کی عدالتوں کی طرف سے اشتہاری قرار دے کر ان کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

بحرین کے وزیر داخلہ جنرل الشیخ راشد بن عبداللہ ال خلیفہ نے حال ہی میں اخبار ’الشرق الاوسط‘ کو بتایا تھا کہ بحرین میں دہشت گردی کے واقعات میں ایرانی پاسداران انقلاب ملوث ہے۔

انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس معلومات اور گرفتار کیے گئے دہشت گردوں کی فراہم کردہ معلومات سے یہ انکشاف ہوا ہے کہ پاسداران انقلاب بحرین میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں براہ راست ملوث ہے۔الشیخ راشد بن عبداللہ ال خلیفہ کا کہنا ہے کہ پاسداران انقلاب بحرین کے 20 سے 40 سال کی عمر کے افراد کو عسکری تربیت فراہم کرنے، انہیں بم تیار کرنے، خود کار اسلحہ چلانے، دستی بموں کی تیاری کی تکنیکس سکھانے، بحرین میں دہشت گردی کے لیے لاجسٹک سپورٹ اور رقم مہیا کرنے ملوث ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بحرین کی پولیس نے ایرانی تربیت یافتہ عناصر کے قبضے سے ایرانی ساختہ 24 کلو گرام دھماکہ خیز مواد قبضے میں لیا ہے۔

متعلقہ عنوان :